رسائی کے لنکس

سری لنکا: صدارتی انتخاب کے خلاف ہزاروں لوگوں کا احتجاجی مظاہرہ



سری لنکا کے دارالحکومت میں حزبِ اختلاف کے حامی ہزاروں لوگوں نے سڑکوں پر نکل پچھلے مہینے کے صدارتی انتخاب کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ہے۔

صدر مہندا راجا پاکسے نے 26 جنوری کے الیکشن میں اپنے اصل حریف اور فوج کے سابق سربراہ سرتھ فان سیکا کو آسانی سے ہرا دیا تھا۔تاہم فان سیکا نے شکست تسلیم کرنے سے انکار کردیا ہے اور اُن کے حامی اصرار کے ساتھ کہتے ہیں کہ ووٹنگ میں دھاندلی کی گئى تھی۔

حزبِ اختلاف کے سیاست دانوں کی تقریریں سننے کے لیے لوگوں کے یکجا ہونے سے پہلے، کولمبو کی سڑکوں پر بدھ کے روز پرچم لہراتے ہوئے مظاہرین کے ہجوم گھومتے رہے۔

سر لنکا کے الیکشن کمشنر نے بدھ کے روز دھاندلی کے الزامات کو رد کردیا ۔ تاہم انہوں نے ایکشن سے پہلے غیر منصفانہ انتخابی مہم کا اعتراف کیا ہے۔

دیا نندا دِسّا نائیکے نے کہا ہے کہ سرکاری ذرائع ابلاغ نے صدر راجاپاکسے کی حمایت کرتے ہوئے ، غیر جانبدار رہنے کے لیے اُن کی اپیلوں کو نظر انداز کردیا تھا۔ تاہم دِسّا نائیکے نے کہا ہے کہ وہ انتخابی نتائج کو درست سمجھتے ہیں۔

اسی دوران انسانی حقوق کی تنظیموں نے حکومت پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ الیکشن کے بعد سے حزبِ اختلاف کے حامیوں اور صحافیوں کو ڈرانے دھمکانے کی ایک مہم چلا رہی ہے۔حکومت اس الزام کی تردید کرتی ہے۔

XS
SM
MD
LG