رسائی کے لنکس

سری لنکا میں پارلیمنٹ تحلیل، 17 اگست کو نئے انتخابات کا اعلان


فائل فوٹو
فائل فوٹو

تحلیل کی گئی پارلیمنٹ میں قانون سازوں کی اکثریت یونائیٹڈ پیپلز فریڈم نامی اتحاد کی ہے جس کی قیادت اپنی شکست کے وقت تک سابق صدر راجاپاکسا کرتے رہے ہیں۔

سری لنکا کے صدر میتھریپالا سری سینا نے پارلیمنٹ تحلیل کر کے نئے انتخابات کروانے کا اعلان کیا ہے۔

جمعہ کو نصف شب ایک سرکاری اعلان کے مطابق 225 ارکان والی پارلیمنٹ کے انتخابات 17 اگست کو منعقد ہوں گے جس کے لیے امیدوار جولائی کے وسط تک کاغذات نامزدگی جمع کروا سکیں گے۔

سری سینا جنوری میں ہونے والے صدارتی انتخاب میں مہندا راجا پاکسا کو شکست دے کر ملک کے صدر منتخب ہوئے تھے۔

انھوں نے عزم کیا تھا کہ وہ ملک میں وسیع پیمانے پر سیاسی اصلاحات کریں گے لیکن انھیں اس ضمن میں قانون سازوں کی طرف سے مزاحمت کا سامنا رہا ہے۔ ان اصلاحات میں صدر کے اختیار میں کمی اور انتخابی نظام میں تبدیلیاں شامل ہیں۔

تحلیل کی گئی پارلیمنٹ میں قانون سازوں کی اکثریت یونائیٹڈ پیپلز فریڈم نامی اتحاد کی ہے جس کی قیادت اپنی شکست کے وقت تک سابق صدر راجا پاکسا کرتے رہے ہیں۔

سری لنکا کی خانہ جنگی کے خاتمے کے آخری مراحل میں ہونے والے مبینہ جنگی جرائم کی داخلی تحقیقیات سے قبل سری سینا نئی پارلیمنٹ کا تعاون بھی حاصل کرنے کے خواہاں ہیں۔

سری سینا نے اقوام متحدہ کی طرف مبینہ جنگی جرائم کی تحقیقات پر مبنی رپورٹ کو مارچ میں جاری ہونے سے یہ کہہ کر موخر کروا دیا تھا کہ وہ ان معاملات کی مقامی سطح پر تحقیقات کروائیں گے۔

توقع ہے کہ اقوام متحدہ کا دفتر برائے انسانی حقوق ستمبر میں اپنی یہ رپورٹ جاری کرے گا۔

سابق صدر مہندا راجا پاکسا کو اب بھی ملک کی اکثریتی سنہالی قوم میں خاصی مقبولیت حاصل ہے اور یہ لوگ انھیں جنگی ہیرو سمجھتے ہیں کیونکہ ان کے دور میں تین دہائی تک جاری رہنے والے خانہ جنگی کا خاتمہ ہوا تھا۔

راجا پاکسا سری لنکا کی خانہ جنگی سے متعلق تحقیقات میں بین الاقوامی مداخلت کی مخالفت کرتے رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG