رسائی کے لنکس

کراچی اسٹیٹ گیسٹ ہاوٴس کو ’ایوان صدر‘ کا درجہ مل گیا


صدر ممنون حسین کی اہلیہ اور بچوں سمیت باقی تمام اہل خانہ بھی عنقریب ڈیفنس ہاوٴسنگ اتھارٹی کراچی میں واقع اپنی نجی رہائش گاہ سے اسی گیسٹ ہاوٴس میں منتقل ہوجائیں گے

کراچی ۔۔۔۔۔ پاکستان کا اعلیٰ ترین منصب سنبھالنے والے صدر ممنون حسین کا تعلق کراچی سے ہے۔ لہذا، پیر کے روز ان کے عہدہ سنبھالتے ہی کراچی اسٹیٹ گیسٹ ہاوٴس کو ’ایوان صدر‘ کا درجہ دے دیا گیا۔

سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق صدر جب بھی کراچی آئیں گے اسی گیسٹ ہاوٴس میں قیام کریں گے۔

صدر ممنون حسین کی اہلیہ اور بچوں سمیت باقی تمام اہل خانہ بھی عنقریب ڈیفنس ہاوٴسنگ اتھارٹی کراچی میں واقع اپنی نجی رہائش گاہ سے اسی گیسٹ ہاوٴس میں منتقل ہوجائیں گے۔

صدر ممنون حسین نے پیر کو اسلام آباد میں اپنے عہدے کا حلف اٹھانے سے قبل ایوان صدر کے سینئر حکام کو ہدایت کی کہ کراچی میں واقع اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس کو ایوان صدر کا درجہ دے کر وہاں فوری طور پر تزئین و آرائش شروع کرادی جائے۔

نومنتخب صدر نے کراچی میں گریڈ 22کے ایک اسپیشل سیکریٹری کی بھی تعیناتی کی ہدایت دی۔ صدر کی ہدایت پر اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے ذریعے یہ تعیناتی عمل میں لائی جائے گی۔

سیکریٹری ایوان صدر کراچی کی ذمے داریوں میں صدر کی صوبہٴسندھ میں مصروفیات اور ان کے سیکورٹی سے متعلق امور کی نگرانی شامل ہوگی۔
XS
SM
MD
LG