رسائی کے لنکس

بان کی مُون کی جانب سے پشاور حملے کی شدید مذمت


بان کی مون
بان کی مون

اقوام ِمتحدہ کے سیکریٹری جنرل کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق بان کی مون نے مذہبی عبادت گاہوں میں ہلاک ہونے والے معصوم لوگوں کی ہلاکتوں پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ ایسے جرائم کی کوئی توجیہہ نہیں۔

اقوام ِمتحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مُون نے ایک بیان میں جمعے کے روز پشاور میں شیعہ مسجد پر ہونے والے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

پشاور میں جمعے کے روز حیات آباد کے علاقے کی ایک شیعہ مسجد پر دہشت گردوں کی جانب سے کیے جانے والے حملے میں 19 نمازی شہید جبکہ 50 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔ اس حملے میں نوید عباس بھی ہلاک ہوئے جو اقوام ِمتحدہ کے ساتھ منسلک تھے۔

پشاور کی مسجد میں یہ حملہ شکار پور حملے کے دو ہفتے بعد کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ دو ہفتے قبل ہی سندھ میں شکار پور کی ایک شیعہ مسجد پر کیے جانے والے دہشت گردانہ حملے میں 60 سے زائد ہلاکتیں ہوئی تھیں۔

اقوام ِمتحدہ کے سیکریٹری جنرل کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق بان کی مون نے مذہبی عبادت گاہوں میں ہلاک ہونے والے معصوم لوگوں کی ہلاکتوں پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ ایسے جرائم کی کوئی توجیہہ نہیں ہے۔

اقوام ِمتحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے پاکستانی حکومت پر بھی زور دیا ہے کہ وہ دہشت گردوں اور مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لائے اور ملک میں مختلف مذہبی فرقوں اور مسلکوں کے ساتھ ساتھ اقلیتوں کے تحفظ کو بھی یقینی بنانے کے لیے ہر ممکنہ اقدام اٹھائے۔

اقوام ِمتحدہ کے سیکریٹری جنرل نے اس موقعے پر حکومت ِپاکستان، ہلاک شدگان کے لواحقین اور پاکستانی عوام کے ساتھ بھی دلی تعزیت کا بھی اظہار کیا۔

XS
SM
MD
LG