رسائی کے لنکس

برطانیہ: مزید بارش اور طوفانی ہواؤں کی پیشنگوئی


ماہرین موسمیات نے امکان ظاہر کیا ہے کہ برطانیہ ایکبار پھر سے، موسم سرما کے طوفانوں کے نشانے پر ہے جو مشرقی حصوں سے پھیل کر پورے برطانیہ کو اپنی لپیٹ میں لے سکتا ہے

برطانوی محکمہ موسمیات نے ویلز اور انگلینڈ کے شمالی حصوں کے لیے مزید بارش اور طاقتور ہواؤں کی پیشن گوئی کی ہے، جبکہ جمعرات کی رات سے طوفانی بارشوں اور100 میل فی گھنٹہ سے زائد کی رفتار سے چلنے والی تیز ہواوٴں نے ایک بار پھر سے برطانیہ میں نظام زندگی کو بری طرح متاثر کیا ہے۔
ماہرین موسمیات نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ برطانیہ ایک بار پھر سے، موسم سرما کے شدید طوفانوں کے نشانے پر ہے جو مشرقی حصوں سے پھیل کر پورے برطانیہ کو اپنی لپیٹ میں لے سکتا ہے۔
محکمہٴ موسمیات کے مطابق، ویلز میں جمعرات کی رات 109 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں ریکارڈ کی گئیں۔

اسکاٹ لینڈ, ویلز اور برطانیہ کے بعض نشیبی علاقوں کے لیے مزید 50 سے زائد سیلابی خطرے کی زرد انتباہ جاری کی گئی ہیں اوران علاقوں میں لوگوں کو ممکنہ سیلاب سے بچاوٴ کے لیے ہنگامی بنیادوں پر تیار رہنے کے لیے کہا گیا ہے۔
دریں اثناٴ، ماحولیات سے متعلق ایجنسی (ای اے) نے متنبہ کیا ہے کہ برطانیہ جمعرات سے شدید بارشوں اور طوفانی ہواؤں کی زد میں ہے، جبکہ خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ حالیہ طوفانی بارشوں کی وجہ سے جنوبی انگلینڈ کے تقریبا 12 ہزارمتاثرہ مکانات جو سیلاب میں گھرے ہوئے ہیں اور بجلی کی سہولت سے محروم ہیں وہاں بجلی کی ترسیل اور سفر کرنے میں دشواری کے مسائل گھمبیر نوعیت اختیار کر سکتے ہیں۔ حالیہ بارشوں سے زیادہ متاثر ہونے والے علاقوں میں شمالی انگلینڈ اور شمالی ویلز کےعلاقے شامل ہیں۔

یو کے انرجی نیٹ ورکس کا کہنا ہے کہ جمعرات کی صبح تک بہت سے علاقوں کی بجلی بحال کر دی گئی تھی۔ تاہم، اب بھی لگ بھگ 16 ہزار گھر بجلی سے محروم ہیں۔ ان میں سینکڑوں ایسے مکانات بھی شامل ہیں جہاں کرسمس کے موقعے پر آنے والے طوفان کے بعد سے اب تک بجلی کی فراہمی معطل ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کینٹ، سسیکس اور سرے کے متاثرہ علاقوں میں شدید سیلابی کیفیت میں کام کرنے والے انجینئرز تیز رفتار ہواؤں کے باعث مشکلات کا شکار ہیں، جہاں زیادہ تر مقامات پر سڑکیں ملبے کے نیچے دھنس گئی ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ تازہ بارشوں کے نتیجے میں دریاؤں میں طغیانی پیدا ہوجانے سے مزید علاقوں میں سیلاب کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔ دوسری جانب، سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ذرائع آمدورفت اور موصلات کی بحالی کے کاموں میں بھی رکاوٹوں پیش آرہی ہیں۔

پولیس اور آگ بجھانے والے عملے کا کہنا ہے کہ سڑکوں پر جگہ جگہ درخت گرنے سے شاہراہیں بند ہو گئی ہیں اور اکثر مقامات پرریل سروس کی بحالی میں مشکلات درپیش ہیں۔


برطانوی ہوائی اڈوں سے فضائی سفر کرنے والےمسافروں کو تاخیر کے حوالے سے باخبر رہنے کے لیے کہا گیا ہے۔

کہا گیا ہے کہ شدید موسم کے باعث، کرسمس کی تعطیلات کے بعد کام سے گھر واپسی پر لوگوں کو شاہراہوں پر ٹریفک جام کی ابتر صورتحال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
XS
SM
MD
LG