رسائی کے لنکس

بالی وڈ کی فلم ’سٹرائیکر‘ ایک ساتھ سینماؤں اور یوٹیوب پر


بالی وڈ کی فلم ’سٹرائیکر‘ ایک ساتھ سینماؤں اور یوٹیوب پر
بالی وڈ کی فلم ’سٹرائیکر‘ ایک ساتھ سینماؤں اور یوٹیوب پر

بالی وڈ فلم ساز چندن اروڑا کی نئی فلم ’اسٹرائیکر’ اگلے ماہ پانچ فروری کو جب ایک ہی دن سنیما گھروں کے ساتھ ساتھ سوشل نیٹ ورک ویب سائٹ یوٹیوب پر بھی ریلیز کی جائے گی تو یہ فلم بھارتی فلم سازی کی تاریخ میں ہمیشہ کے لیے اپنا مقام بنا لے گی۔

پانچ کروڑ روپے کی لاگت سے بننے والی اِس چھوٹے بجٹ کی فلم اسٹرائیکر میں جنوبی بھارت کی تیلگو فلم انڈسٹری کے سپر اسٹار اور ہٹ فلم ’رنگ دے بسنتی‘ کے ہیرو سدھارتھ مرکزی کردار کر رہے ہیں۔

دی انڈین فلم کمپنی کی زیرِ اہتمام بننے والی یہ فلم یوٹیوب سے معاہدے کے بعد بھارت کی پہلی فلم بن گئی ہے جسے ایک ہی دن سنیما گھروں کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں یوٹیوب پر بھی نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا۔ اسٹوڈیو 18 کے پاس اِس فلم کی تقسیم کے حقوق ہیں۔

دل چسپ بات یہ ہے کہ امریکہ میں فلم کو یوٹیوب پر دیکھنے کے لیے سنیمابینوں کو چند ڈالر بطور کرایہ دینا ہو گا جب کہ دنیا کے دیگر ممالک میں یہ فلم اسٹوڈیو 18 کے یوٹیوب چینل پر مفت مہیا ہو گی تاہم بھارت اور پاکستان کی عوام اِس فلم کو یوٹیوب پر نہیں دیکھ پائیں گے۔

فلم اسٹرائیکر کی کہانی 80 کی دہائی کے پس منظر میں ممبئی شہر کی کچی بستیوں میں رہنے والے بین الاقوامی پیشہ ور کیرم کھلاڑی کی زندگی کی سچی کہانی ہے۔ فلم میں سدھارتھ کے علاوہ انوپم کھیر، آدتیہ پنچولی، سیما بسواس اور پدما پریا اہم کردار میں نظر آئیں گے۔

XS
SM
MD
LG