رسائی کے لنکس

فارمولا اسٹوڈنٹ کار ریسنگ مقابلے کی خواتین انجینیئرز


سلور اسٹون میں منعقد کی جانے والی کار ریسنگ مقابلوں میں برطانیہ کی 61 جامعات حصہ لے رہی ہیں رواں برس مقابلوں میں پاکستان، بھارت، افریقہ، آسٹریلیا اور کینیڈا سمیت کئی ممالک کی جامعات بھی شامل ہیں۔

فارمولا اسٹوڈنٹ یا( ایف ایس) یورپ کا انتہائی معتبر ' تعلیمی موٹر اسپورٹس مقابلہ' ہے جس میں دنیا بھر سے یونیورسٹیوں کے طلبا حصہ لیتے ہیں۔ فارمولا اسٹوڈنٹ 'انسٹی ٹیوٹ آف مکینیکل انیجئرنگ' کی طرف سے منعقد کیا جاتا ہے جسے موٹر اسپورٹس مقابلوں کی سطح پر ہائی پروفائل انجینئرز اورانڈسٹری کی حمایت حاصل ہے جس کا مقصد باصلاحیت نوجوان انجنئیرز کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔

9 جولائی سے سلور اسٹون میں منعقد کئے جانے والے کار ریسنگ مقابلوں میں برطانیہ کی 61 جامعات حصہ لے رہی ہیں ان مقابلوں میں 53 الیکٹریکل کاریں شامل کی گئی ہیں جبکہ پہلی بار ان مقابلوں میں ایکواڈور، لیبیا اور چین کے نوجوان انجینئرز بھی حصہ لے رہے ہیں ان کے علاوہ مقابلوں میں پاکستان، بھارت، افریقہ، آسٹریلیا اور کینیڈا سمیت کئی ممالک کی جامعات حصہ لے رہی ہیں۔

فارمولا اسٹوڈنٹ کے حوالے سے رواں برس خواتین انجینئرز کی شمولیت میں بھی اضافہ نظر آیا ہے جن میں سےایک نام جیما ہاٹن کا ہے جو کہ 'یونیورسٹی آف باتھ مکینیکل انجئیرنگ' کی طالبہ ہیں۔

انجینئرجیما کو یہ اعزاز حاصل ہوا ہے کہ وہ فارمولا اسٹوڈنٹ مقابلےمیں ٹیم باتھ کی ڈیٹا انجینئرز اور کمپیٹیشن کوآرڈینیٹرکے فرائض انجام دے رہی ہیں۔

جیما ہاٹن نے اخبار 'گارڈین' سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ 16 برس کی عمر سے موٹر اسپورٹس انڈسٹری میں کیرئیر بنانے کے لیے انتھک محنت کر رہی ہیں اسی برس اپنی گریجویشن مکمل کرنے کے بعد وہ آئندہ برس کارڈف یونیورسٹی سے ایڈوانس موٹر اسٹوڈنٹ انجینئیرنگ میں ماسٹرز کی سند حاصل کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔

جیما ہاٹن کی ہمت، لگن اور اعلی درجے کی تکنیکی مہارت کو دیکھتے ہوئے انھیں فارمولا اسٹوڈنٹ کے لیے باتھ یونیورسٹی کارریسنگ مقابلے کا حصہ بنایا گیا ہے۔ دوسری جانب جیما فارمولا اسٹوڈنٹ کا حصہ بننے پر بے حد خوش ہیں۔ وہ آٹو جرنلسٹ کے طور پر ایک ریسر انجینئیرنگ میگزین کے لیے لکھتی ہیں اور اب تک تین فارمولا اسٹوڈنٹ ریسنگ کے مقابلوں کی کوریج کرچکی ہیں۔

فارمولا اسٹوڈنٹ 2014 اسپورٹس ایونٹ میں اس سال 'لنکا شائر یونیورسٹی' کی جانب سے 17 ارکان پر مبنی ٹیم حصہ لے رہی ہے جس کی قیادت لورین رائٹ کر رہی ہیں۔

لورین بیچلرز کے تیسرے سال کی طالبہ ہیں ان کا کہنا تھا کہ وہ ناقابل بیان حد تک پر جوش ہیں کیونکہ آٹوموٹوو انڈسٹری میں جگہ حاصل کر کے انھوں نے اپنے سب سے دیرینہ خواب کو پایہ تکمیل تک پہنچایا ہے۔

خواتین ٹیم پر مشتمل لنکاسٹر فارمولا کے ارکان میں ایشیلی فلاور، نکولا ہارٹ اور انیتا نیو مین کا نام شامل ہے ایشیلی اور نکولا بیٹیک موٹراسپورٹس ڈپلومہ میں زیر تعلیم ہیں اور انیتا موٹر اسپورٹس کی فاونڈیشن ڈگری کے پہلے سال کی طالبہ ہیں۔

سال 2014 فارمولا اسٹوڈنٹ کے لیے دنیا بھر سے کل 178 درخواستیں موصول ہوئیں جن میں سے کل 114 امیدواروں کو 9 سے 13 جولائی تک منعقد کئے جانے والے برطانوی موٹر اسپورٹس فارمولا اسٹوڈنٹ میں جگہ حاصل ہوئی ہے۔

XS
SM
MD
LG