رسائی کے لنکس

سبزہ، زندگی میں خوشی کی ضمانت


ماہرین کہتے ہیں کہ چند تحقیقات کے جائزوں سے یہ واضح ہوتا ہے کہ سبزے اور خوشی کے جذبات کے درمیان ایک ربط ہے۔

قدرت سے قریب رہنا نہ صرف انسان کو سکون دیتا ہے بلکہ ایک نئی تحقیق کے مطابق یہ انسان کی ذہنی صحت کے لیے بھی بہت اچھا ہے۔

ایک اندازے کے مطابق ترقی یافتہ ممالک میں 80٪ سے زائد آبادی بڑے شہروں میں رہنے کو ترجیح دیتی ہے جہاں ’ڈپریشن‘ ایک عام مرض بنتا جا رہا ہے اور ان شہروں میں شہریوں کی اکثریت ڈپریشن کا شکار دکھائی دیتے ہیں۔ اکثر اوقات شہروں میں بنے گھروں کے نزدیک کوئی پارک یا ایسے کھلے علاقے نہیں ہوتے جہاں وہ جا کر کھلی فضاء میں سانس لے سکیں اور قدرت کے قریب رہ سکیں۔

ماہرین کہتے ہیں کہ چند تحقیقات کے جائزوں سے یہ واضح ہوتا ہے کہ سبزے اور خوشی کے جذبات کے درمیان ایک ربط ہے۔ مگر ماہرین اس بات کا تعین نہیں کر سکے کہ ایسا کیوں ہوتا ہے اور سبزے کی وجہ سے انسان خوش کیوں ہوتا ہے؟

یونیورسٹی آف ایکسیٹر سے منسلک میتھیو پی وائیٹ اور ان کے ساتھیوں نے سبزے اور انسانی خوشی کے درمیان موجود ربط کا جائزہ لینے کی کوشش کی۔

اس مقصد کے لیے میتھیو پی وائیٹ اور ان کے ساتھیوں نے برطانیہ میں سینکڑوں ایسے افراد کی ذہنی صحت کا ڈیٹا اکٹھا کیا جو کم سبزے کی نسبت زیادہ سبزے والے علاقے میں منتقل ہوئے تھے۔ اس تحقیق میں ان افراد کی ذہنی صحت کا بھی جائزہ لیا گیا جو زیادہ سبزے والے علاقے سے نسبتاً کم سبزے والی جگہ پر منتقل ہوئے۔

پانچ سال تک اکٹھے کیے گئے ڈیٹا سے یہ امر سامنے آیا کہ جو لوگ زیادہ سبزے والے علاقے میں شفٹ ہوئے تھے وہ دوسرے کی نسبت زیادہ خوش تھے۔

یہ تحقیق ’انوائرمینٹل سائنس اینڈ ٹیکنالوجی‘ میں شائع کی گئی۔
XS
SM
MD
LG