رسائی کے لنکس

سوڈان: دارفور میں تعینات چار امن فوجی ہلاک


سوڈان کے جنگ زدہ علاقے دارفور میں گھات لگا کر کیے جانے والے ایک حملے میں وہاں تعینات اقوامِ متحدہ کی امن فوج کے چار اہلکار ہلاک اور آٹھ دیگر زخمی ہوگئے ہیں۔

سوڈان کے جنگ زدہ علاقے دارفور میں گھات لگا کر کیے جانے والے ایک حملے میں وہاں تعینات اقوامِ متحدہ کی امن فوج کے چار اہلکار ہلاک اور آٹھ دیگر زخمی ہوگئے ہیں۔

دارفور کے لیے اقوامِ متحدہ اور افریقی یونین کے مشترکہ مشن 'یو این اے ایم آئی ڈی' کے مطابق حملہ منگل کی شب سوڈان کی ریاست مغربی دارفور میں کیا گیا۔

ہلاک و زخمی ہونے والے تمام امن فوجیوں کا تعلق نائجیریا سے ہے جو ریاست کے دارالحکومت الجنینہ میں گشت کر رہے تھے جب گھات لگائے بیٹھے نامعلوم افراد نے ان پر مختلف اطراف سے شدید فائرنگ کردی۔

امن مشن کے مطابق واقعہ امن فوجی دستے کے علاقائی صدر دفتر سے دو کلومیٹر کے فاصلے پر پیش آیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ تفتیشی ادارے واقعے میں ملوث افراد کا سراغ لگانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ مذکورہ علاقے میں باغی جنگجو سوڈان کی مرکزی حکومت کی افواج سے 2003ء سے لڑائی میں مصروف ہیں۔

اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل نے رواں برس جولائی میں دارفور میں تعینات امن فوجیوں کی مدت میں ایک سال کی توسیع کی تھی۔

مذکورہ مشن کے تحت علاقے میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے 21 ہزار فوجی اور پولیس اہلکار قیامِ امن کے لیے خدمات انجام دے رہے ہیں۔
XS
SM
MD
LG