رسائی کے لنکس

سوڈان میں انتخابات وقتِ مقررہ پر ہوں گے


سوڈان کے صدر نے کہا ہے کہ حزبِ اختلاف کے بائیکاٹ کے باوجود انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہوں گے۔11 اپریل کو ہونے والے یہ انتخابات سوڈان میں 1986ء کے بعد پہلے انتخابات ہیں۔

مقامی، پارلیمانی اور صدارتی انتخابات 11 اپریل کو شروع ہوں گے اور تین دن جاری رہیں گے۔ یہ انتخابات 2005ء میں ہونے والے ایک معاہدے کے تحت منعقد کیے جا رہے ہیں جس کے باعث سوڈان کے شمالی اور جنوبی حصوں کے درمیان دو عشروں سے جاری خانہ جنگی کا خاتمہ ہوا تھا۔

صدر عمر البشر نے ہفتے کے روز ٹیلی ویژن پر کی جانے والی تقریر میں کہا کہ انتخابات ملتوی نہیں ہوں گے۔ قومی انتخابی کمیشن نے بھی کہا ہے کہ انتخابت منصوبے کے مطابق منعقد ہوں گے۔

سوڈان کے لیے امریکی مندوب سکاٹ گریشن نے ہفتے کے روز خرطوم میں نامہ نگاروں کو بتایا کہ انہیں یقین ہے کہ انتخابات ہر ممکن حد تک منصفانہ اور آزادانہ ہوں گے۔ تاہم جمعے کے روز امریکہ، برطانیہ اور ناروے کے وزرائے خارجہ نے انتخابی عمل کے بارے میں شکوک کا اظہار کیا تھا۔

حزبِ اختلاف نے سوڈان کی حکومت پر جبری حربے اختیار کرنے کا الزام لگایا ہے جن کی وجہ سے ان کی میڈیا تک آزادانہ رسائی رک گئی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ انتخابات میں موجودہ صدر کے حق میں دھاندلی کی جائے گی۔

XS
SM
MD
LG