رسائی کے لنکس

سوڈان: اقوام متحدہ کے دو عہدیداروں کو ملک چھوڑنے کا حکم


سوڈان کے صدر عمر حسن البشیر (فائل فوٹو)
سوڈان کے صدر عمر حسن البشیر (فائل فوٹو)

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے ان دو عہدیداروں سے ملک چھوڑنے کے مطالبے کی مذمت کرتے ہوئے حکومت سے فوری طور پر یہ فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیا۔

اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ سوڈان نے اس کے دو سینیئر عہدیداروں کو ملک چھوڑنے کا حکم دیا ہے۔

عالمی تنظیم کے ایک ترجمان اسٹیفن ڈوجارک کے مطابق اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی) کے ریذیڈنٹ کوآرڈینیٹر علی الزعتری اور اسی پروگرام کے کنٹری ڈائریکٹر یوون ہیلے کو سوڈان چھوڑنے کا حکم دیا گیا۔

ڈوجارک کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے ان دو عہدیداروں سے ملک چھوڑنے کے مطالبے کی مذمت کرتے ہوئے حکومت سے فوری طور پر یہ فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیا۔

تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا ہے کہ اقوام متحدہ کے عہدیداروں کو کن وجوہات کی بنا پر یہ حکم دیا گیا۔

سوڈان کے صدر عمر حسن البشیر نے حال ہی میں ڈارفور میں اقوام متحدہ کے امن مشن اور افریقی یونین مشن کے فوجی اہلکاروں کو بھی سوڈان سے یہ کہہ کر چلے جانے کا کہا تھا کہ وہ ان کے لیے " دفاعی بوجھ" ہیں۔

سوڈان نے اس مشن کے خرطوم میں انسانی حقوق کے دفتر کو بھی بند کرتے ہوئے اسے انخلا کا منصوبہ بنانے کا کہا تھا۔

حال ہی میں سوڈان نے امن مشن میں شامل لوگوں کو دارفور کے علاقے میں اپنے فوجیوں کی طرف سے کی جانے والی جنسی زیادتیوں کی تحقیقات کے لیے جانے کی اجازت بھی نہیں دی تھی۔

XS
SM
MD
LG