رسائی کے لنکس

امن فورس میں شامل سات پاکستانی پولیس اہلکار زخمی


امن فورس میں شامل سات پاکستانی پولیس اہلکار زخمی
امن فورس میں شامل سات پاکستانی پولیس اہلکار زخمی

سوڈان کے شورش زدہ علاقے دارفور میں گھات لگا کر بیٹھے مسلح افراد نے حملہ کرکے بین الاقوامی امن فورس میں شامل سات پاکستانی پولیس اہلکاروں کو زخمی کردیاہے۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان گی مون نے اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے سوڈان کی حکومت پر زوردیا ہے کہ وہ اس کی فوری طور پر تفتیش کرتے ہوئے ذمہ داران کو انصاف کے کٹہرے میں لے کر آئے۔

جنوبی دارفور کے دارالحکومت Nyalaسے 17کلومیٹر دورپولیس کا یہ قافلہ اندرونی طور پر بے گھر افراد کے لیے قائم کیمپ کے اطراف گشت کے بعد اپنے کیمپ کی طرف واپس آرہا تھا جب نامعلوم حملہ آوروں نے پولیس کی پانچ گاڑیوں پر فائرنگ شروع کردی۔ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جن میں تین کی حالت تشویش ناک ہے۔

علاقے میں اقوام متحدہ امن مشن کے نمائندے کا کہنا ہے کہ اس طرح کی کارروائیاں قیام امن کی کوششوں کو متاثر نہیں کرسکتیں۔

خیال رہے کہ دارفور میں 26ہزار افراد پر مشتمل اقوام متحدہ کی فورس تعینات ہے جس کا مقصد شہریوں کو تحفظ دینا،سلامتی کی صورتحال برقراررکھنا اورلڑائی سے متاثرہ افراد کو امداد فراہم کرنا ہے۔

دارفور میں لڑائی کاآغاز 2003ء میں اس وقت ہوا جب افریقی باغیوں نے خرطوم میں عرب اثرورسوخ والی سوڈانی حکومت پر” امتیاز اور لاپرواہی پر مبنی سلوک“ کا الزام لگا کر ہتھیار اٹھائے۔ اقوام متحدہ کے مطابق اب تک تشدد کے واقعات میں کم ازکم تین لاکھ افراد ہلاک اور 25لاکھ سے زائد بے گھر ہوئے ہیں۔

XS
SM
MD
LG