رسائی کے لنکس

الیکشن جیتے تو سب پارٹیوں کو اقتدار میں شامل کریں گے: سوڈانی حکمران جماعت


سوڈان کی حکمران جماعت کا کہنا ہے اگر وہ اس وقت جاری انتخابات جیت گئی تو حزب اختلاف کی جماعتوں کو حکومت میں شریک ہونے کی دعوت دے گی۔

نیشنل کانگریس پارٹی کے ایک سینیئر عہدے دار غازی صلاح الدین نے یہ بات بدھ کے روز نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، جب کہ سوڈانی باشندوں نے صدر، قانون سازوں اور مقامی حکومتوں کے چناؤ کے لیے ووٹنگ جاری رکھی۔

انہوں نے کہا کہ اگر حکمران جماعت کو کامیاب قرار دیا گیا تووہ تمام جماعتوں کو، جن میں انتخابات میں حصہ نہ لینے والی جماعتیں بھی شامل ہیں، حکومت میں شرکت کی دعوت دے گی۔اس کا جواز انہوں نے یہ دیا کہ این سی پی کا خیال ہے کہ یہ سوڈان کی تاریخ کا ایک اہم لمحہ ہے۔

این سی پی اور صدر عمر البشیرحز ب اختلاف کی کئی جماعتوں کی جانب سے ووٹنگ کے جزوی یا مکمل بائیکاٹ کے فیصلے کےبعد انتخابات جیتنے کی توقع کررہے ہیں ۔

سابق جنوبی باغیوں سمیت ، مختلف جماعتوں نے این سی پی پر انتخابی نتائج میں جعلسازی کی منصوبہ بندی کا الزام عائد کیاہے۔

سابق امریکی صدر جمی کارٹر نے، جن کی تنظیم ووٹنگ کی نگرانی کررہی ہے، وی او اے کو بتایا کہ وہ انتخابات کے مستند ہونے کے بارے میں اپنا فیصلہ ووٹوں کی گنتی ہونے تک محفوظ رکھیں گے۔

یہ سوڈان میں 1986ء کے بعد سے پہلے کثیر جماعتی انتخابات ہیں۔

XS
SM
MD
LG