رسائی کے لنکس

کراچی میں ’سپر مون‘ کے نظارے، شہریوں کا جوش قابلِ دید


یہ اکیسویں صدی میں ہونے والا اب تک کا سب سے بڑا ’سپر مون‘ ہے، غیر معمولی طور پر اتنے ’خوبصورت‘ چاند کا نظارہ دوبارہ دیکھنے کے لیے 25 نومبر 2034ء تک انتظار کرنا ہوگا

کراچی کا ساحل کلفٹن، موج مستی اور ہلا گلہ پسند کرنے والوں کے لئے ہمیشہ سے فیورٹ پوائنٹ رہا ہے۔

کسی سمندری طوفان کی آمد ہو یا چاند کو گرہن لگنے کا سماں، کھلی ہوا میں حد نظر افق پر اسے دیکھنے والوں کا تانتا بندھ جاتا ہے۔ پیر کی شام سے رات گئے تک بھی یہاں یہی منظر تھا۔ شہریوں کی ایک بڑی تعداد ’سپر مون‘ کا نظارہ لینے سمندر کے کنارے پہنچی ہوئی تھی۔

مقامی وقت کے مطابق 6 بج کر 57منٹ پر چاند عام دنوں کے مقابلے میں زیادہ بڑا اور روشن دکھائی دیا اور لوگ اسی نظارے کا لطف اٹھانے ساحل پر پہنچے ہوئے تھے، جبکہ انگنت لوگوں نے چھتوں سے اس پُر لطف چاند کے نظارے لئے۔

ان میں گلشن اقبال کراچی کی رہائشی آصفہ ادریس اور ان کی والدہ بھی شامل ہیں۔ آصفہ نے ’وی او اے‘ کو بتایا کہ وہ تو کل سے ہی اس منظر کے انتظار میں تھیں۔ انہوں نے سپرمون دیکھ کر بہت انجوائے کیا۔

لیاقت آباد کے ایک نوجوان زیرک کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنے کیمرے کی آنکھ سے اس نادر موقع کو ہمیشہ کے لئے قید کر لیا ہے۔

ادھر ماہرینِ فلکیات اور محکمہٴ موسمیات کے سابق سربراہ توصیف احمد کے مطابق، ایسا نظارہ اب سے اڑسٹھ سال پہلے رونما ہوا تھا اور اگلے کئی عشروں بعد ہی اس کا دوبارہ دیدار ہوسکے گا۔

ماہرین فلکیات کے مطابق چونکہ اس روز چاند زیادہ روشن، حسین، مکمل اور زمین سے قریب تر ہو جاتا ہے اس لئے اس دلکش نظارے کو ’سپر مون‘ کہا جاتا ہے۔

امریکی خلائی ادارے ناسا کے حوالے سے مقامی میڈیا رپورٹس میں کہا جا رہا ہے کہ یہ اکیسویں صدی میں ہونے والا اب تک کا سب سے بڑا ’سپر مون‘ ہے، غیر معمولی طور پر اتنے ’خوبصورت‘ چاند کا نظارہ دوبارہ دیکھنے کے لیے 25 نومبر 2034 ء تک انتظار کرنا ہوگا۔‘‘

اسپین کے ایک مقامی صحافی شفقت علی رضا نے ’وائس آف امریکہ‘ کے نمائندے کو بتایا کہ اسپین میں وہ ایک روز پہلے ہی سپرمون کا نظارہ کرچکے ہیں۔

اسپین ہی نہیں بلکہ پورے یورپ نے بھی سپر چاند کا شاندار نظارہ لیا اور باقی ممالک کے مقابلے میں سب سے پہلے دیکھا۔

ان ممالک میں جہاں اتوار کی رات سپرمون دیکھا گیا ان میں امریکا، برطانیہ، سوئیڈن، فرانس، جرمنی، ارجنٹائن اور اسپین شامل ہیں۔

سپرمون معمول کے چاند سے چودہ فیصد بڑا اور تیس فیصد زیادہ روشن تھا۔

XS
SM
MD
LG