رسائی کے لنکس

مریضہ کے پیٹ سے دوران آپریشن کیلیں اور شیشے کے ٹکڑے برآمد: اخباری رپورٹ


جمعرات کو لیڈی ریڈنگ اسپتال میں ڈاکٹر سجاد محمد خان کی قیادت میں سرجنوں کی ایک ٹیم نے طویل آپریشن کے دوران مریضہ کے پیٹ سے دھات کے تمام ٹکڑے نکال لیے ہیں

پاکستان کے شہر پشاور کے ایک اسپتال میں جمعرات کو طبی تاریخ کا ایک غیر معمولی واقعہ پیش آیا ،جہاں ایک خاتون مریض کے پیٹ سے دوران آپریشن 22 دھاتی اشیاء برآمد ہوئی ہیں۔

اخبار ڈان کی خبر کے مطابق، 22 سالہ شادی شدہ خاتون کرم ایجنسی کے علاقے پاراچنار کی رہائشی ہیں۔ انھیں گذشتہ ہفتے پیٹ کے درد کی شکایت پر لیڈی ریڈنگ اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔

مریضہ کے طبی معائنہ اور ایکسرے کا احتیاط سے جائزہ لینے کے بعد ڈاکٹر اس نتیجے پر پہنچے کہ مریضہ کے پیٹ میں دھاتی اشیاء موجود تھیں۔

جمعرات کو لیڈی ریڈنگ اسپتال میں ڈاکٹر سجاد محمد خان کی قیادت میں سرجنوں کی ایک ٹیم نے طویل آپریشن کے دوران مریضہ کے پیٹ سے دھات کے تمام ٹکڑے نکال لیے ہیں۔ جنھیں وہ کھا چکی تھی۔

مریضہ کے پیٹ سے برآمد ہونے والی کیلیں ،بال پنیں اور شیشے کے ٹکڑے
مریضہ کے پیٹ سے برآمد ہونے والی کیلیں ،بال پنیں اور شیشے کے ٹکڑے

ڈاکٹر سجاد نے بتایا کہ چار گھنٹے طویل آپریشن کے دوران مریضہ کے پیٹ سے چھوٹی، بڑی کیلیں، بال پنیں اور شیشے کے ٹکڑے برآمد ہوئے ہیں۔

ڈاکٹر سجاد محمد خان نے کہا کہ خاتون کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

انھوں نے مزید بتایا کہ مریضہ کی کیس ہسٹری سے انکشاف ہوا ہے کہ اسے دورے پڑتے ہیں اور وہ نفسیاتی بیماری میں مبتلا ہے۔

یہ انوکھا واقعہ اسوقت سامنے آیا جب پچھلے ہفتے بالکل اسی طرح کے ایک کیس میں بھارت کے صوبے پنجاب کے ڈاکٹروں نے ایک 42 سالہ پولیس آفیسر کے پیٹ سے آپریشن کے دوران 40 چھریاں نکالی ہیں جسے وہ کھانے کے ساتھ کھا چکا تھا۔

بتایا جاتا ہے کہ اپنی نوعیت کے اس منفرد کیس میں بھی مریض کو پیٹ کے درد کی شکایت پر اسپتال لایا گیا تھا جہاں اینڈو اسکوپی سے یہ معلوم ہوا تھا کہ مریض کے پیٹ میں چھریاں موجود ہیں۔

بھارتی ڈاکٹروں کا خیال ہے کہ مریض پائیکا نامی حالت میں مبتلا ہے جس میں مریض غیر غذائیت بخش کھانے کی ناقابل برداشت خواہش رکھتا ہے۔

XS
SM
MD
LG