رسائی کے لنکس

’سرخ جوڑا‘ کی کہانی کا مرکزی کردار۔۔ابیہا۔۔ بچپن سے ہی دل میں ایک خوشحال اور آزاد زندگی گزارنے کا خواب دل میں رکھتی ہے۔ لیکن، متوسط خاندان سے تعلق کی بنیاد پر آزاد خیالی ممکن نہیں ہوپاتی

’ہم‘ ٹی وی نیٹ ورک کے چینل ’ہم ستارے‘ سے نیا ڈرامہ سیریل ’سرخ جوڑا‘ شروع ہونے جا رہا ہے جیسا کہ نام سے ہی ظاہر ہے کہ یہ فیملی ڈرامہ ہے جس کے تانے بانے مختلف رشتوں کولے کر بنے گئے ہیں۔

چینل کے ایک عہدیدار منہاس صغیر نے ’وائس آف امریکہ‘ کو سیریل سے متعلق تفصیلات میں بتایا کہ ’سرخ جوڑا‘ کی کہانی کا مرکزی کردار۔۔ابیہا۔۔ بچپن سے ہی دل میں ایک خوشحال اور آزاد زندگی گزارنے کا خواب دل میں رکھتی ہے۔ لیکن، متوسط خاندان سے تعلق کی بنیاد پر آزاد خیالی ممکن نہیں ہو پاتی۔ تاہم، وہ اپنی فطری اور ظاہری خوبصورتی کی بدولت جہاں جاتی ہے لوگوں کو اپنا گرویدہ بنا لیتی ہے۔

ایک اتفاقیہ ملاقات میں رومان بھی ابیہا کی فطرت سے متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ پاتا۔ رومان ایک دولتمند گھرانے کا خوش مزاج نوجوان ہے اور ابیہا سے متاثر ہوکر اس سے شادی کا پیغام بھجوادیتا ہے جسے قبول کرلیا جاتا ہے اور یوں دونوں کی شادی ہوجاتی ہے۔

۔۔۔۔ لیکن شادی کے بعد ابیہا پر رومان کی دہری شخصیت کا پردہ فاش ہوتا ہے۔ ظاہری شخصیت اور خوش مزاجی کے پردے کے پیچھے رومان ایک انتہائی تنگ ذہنیت اور شکی مزاج رکھنے والا انسان ہے جو لڑکیوں کی ترقی پسند سوچ کا شدیدمخالف ہے۔

اس حقیقت کے آشکارہ ہوتے ہی کہانی ایک نیا موڑ لے لیتی ہے۔

’سرخ جوڑا ‘ کی کہانی عظمیٰ کامران نے تحریر کی ہے جبکہ ہدایات فیاض ادریس نے دی ہیں۔ نمایاں اداکاروں میں شامل ہیں سونیا حسین، اظفر رحمن، لیلی زبیری، نائلہ جعفری، عرفان کھوسٹ، ٹیپو شریف، نادیہ افغان، صباحت بخاری اور دیگر شامل ہیں۔

XS
SM
MD
LG