رسائی کے لنکس

سوات کے مختلف علاقوں کا زمینی رابطہ تاحال منقطع


سوات کے قریب ایک سیلابی ریلے سے متاثر ہونے والا پل
سوات کے قریب ایک سیلابی ریلے سے متاثر ہونے والا پل

حالیہ سیلاب سے شدید متاثر ہونے والے شمالی پہاڑی ضلع سوات کے رابطہ پل اور سٹرکیں تباہ ہونے سے مٹہ اور کالام سمیت دیگر دوردراز علاقوں میں رہنے والوں کا ملک کے دیگر حصوں سے زمینی رابطہ تاحال منقطع ہے جس کے باعث ان علاقوں میں بسنے والوں کی مشکلات روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے۔

مٹہ کے ایک رہائشی صاحب زمان نے،جو پیشے کے لحاظ سے ایک وکیل ہیں ،وائس آف امریکہ کو ٹیلی فون پر علاقے کی مجموعی صورت حال کے بارے بتایا کہ گذشتہ 17 روز سے اُن کا دوسرے علاقوں سے زمینی رابطہ منقطع اوربجلی بند ہے۔ صاحب زمان نے بتایا کہ اس صورت حال میں علاقے میں اشیاء خورونوش کی قلت ہورہی ہے اور کھانے پینے کی دستیاب اشیاء کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔

سوات کے ضلعی رابطہ افسر عاطف الرحمن نے بھی اس کی تصدیق کی ہے کہ پلوں اور سٹرکوں کے سیلاب میں بہہ جانے کے باعث مٹہ اور کالام سمیت کئی دوسرے علاقوں کے ساتھ زمینی رابطے بحال نہیں ہوئے ہیں ۔ اُنھوں نے کہا کہ پلوں کی تعمیر تب ہی شروع ہو سکے گی جب سیلابی پانی کی سطح میں کمی آئے گی۔

اُنھوں نے بتایا کہ ایسی اطلاعات بھی ملی ہیں کہ متاثرہ علاقوں میں اشیاء خوردنی کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے اور اس کی ایک وجہ طلب اور رسد کا فرق ہے۔

دریں اثنا ء صوبہ خیبر پختون خواہ کے مختلف علاقوں میں نو سو سے زائد سکولوں میں نوے ہزار کے لگ بھگ افراد کے لیے عارضی پناہ گاہیں قائم کی گئی ہیں۔ پشاور میں ایک سکول میں مقیم افراد نے بتایا کہ اُن کے لیے رمضان کے مہینے میں سحراورافطار کا انتظام تو کیا گیا ہے لیکن اُن کی خواہش ہے کہ وہ جلد از جلد اپنے علاقوں میں واپس چلے جائیں۔

XS
SM
MD
LG