رسائی کے لنکس

سڈنی ٹیسٹ: تین وکٹوں کے نقصان پر آسٹریلیا کے 365 رنز


اوپنر ڈیوڈ وارنر اور میٹ رنشا نے اننگز کا آغاز جارحانہ انداز میں کیا اور ابتدا ہی میں بولرز کو سنبھلنے کا موقع نہیں دیا۔ دونوں بیٹسمینوں نے 151رنز کا آغاز فراہم کیا جس میں ڈیوڈ وارنر کے شاندار اور دھواں دار 113 رنز شامل تھے

سڈنی ٹیسٹ کا پہلا دن آسٹریلوی بیٹسمینوں کے نام رہا اور کھیل کے اختتام پر صرف 3 وکٹوں کے نقصان پر میزبان ٹیم نے 365 رنز بنا لیے، میٹ رنشا نے ناقابل شکست 167 رنز بنائے جب کہ وارنر نے 113 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی۔

سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جا رہے سیریز کے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میں آسٹریلوی کپتان اسٹیون اسمتھ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، اوپنر ڈیوڈ وارنر اور میٹ رنشا نے اننگز کا آغاز جارحانہ انداز میں کیا اور ابتدا ہی میں بولرز کو سنبھلنے کا موقع نہیں دیا۔

دونوں بیٹسمینوں نے 151 رنز کا آغاز فراہم کیا جس میں ڈیوڈ وارنر کے شاندار اور دھواں دار 113 رنز شامل تھے جو انہوں نے 17 چوکوں کی مدد سے بنائے۔ ٹیسٹ میچوں میں یہ ان کی 18ویں سنچری ہے۔

ڈیوڈ وارنر نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 78گیندوں پر کھانے کے وقفے سے قبل ہی سنچری بنا ڈالی۔

وارنر دنیائے کرکٹ کے پانچویں بیٹسمین ہیں جنہوں نے میچ کے پہلے ہی روز لنچ سے قبل سنچری بنائی ہے۔ اس سے قبل ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں آسٹریلیا کے ڈان بریڈمین، چارلس مک کارٹنی، وکٹر ٹرمپر اور پاکستان کے مایہ ناز اوپننگ بیٹسمین ماجد خان یہ اعزاز حاصل کر چکے ہیں۔

عثمان خواجہ اور کپتان اسمتھ زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور بالترتیب 13 اور 24 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، اوپنر میٹ رنشا نے ایک اینڈ سنبھالے رکھے اور محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی سنچری مکمل کی، ٹیسٹ کرکٹ میں یہ ان کی پہلی سنچری ہے۔

2002 کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب آسٹریلیا کے دونوں اوپنرز نے سڈنی کے میدان میں ایک ہی اننگز میں سنچری اسکور کی ہے۔ اس سے قبل لینگر اور ہیڈن نے جنوبی افریقا کے خلاف سنچریاں بنائی تھیں۔

پہلے روز جب کھیل ختم ہوا تو آسٹریلیا نے صرف تین وکٹیں گنوا کر 365رنز بنالئے تھے، میٹ رنشا 167 اور ہینڈز کومب 40 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔

پاکستان کی طرف سے وہاب ریاض نے دو جب کہ یاسر شاہ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

تین ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز میں آسٹریلیا کو دو۔صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔ برسبین ٹیسٹ میں پاکستان کو 39رنز جبکہ میلبورن ٹیسٹ میں اننگز اور 18 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

XS
SM
MD
LG