رسائی کے لنکس

شام: سرکاری فورسز کی کارروائیوں میں تین افراد ہلاک


شام: سرکاری فورسز کی کارروائیوں میں تین افراد ہلاک
شام: سرکاری فورسز کی کارروائیوں میں تین افراد ہلاک

شام کی انسانی حقوق کی تنظیموں کا کہناہے ملک کے وسطی اور شمالی علاقوں کے قصبوں اور دیہاتوں پر سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں سے کم ازکم تین افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ ان علاقوں میں صدر بشارالاسد کی اقتدار سے علیحدگی کے لیے مظاہرے کیے گئے تھے۔

سرگرم کارکنوں کاکہناہے کہ فوجیوں نے وسطی صوبے حمص میں گولیاں مار کر دو افراد کو ہلاک کردیا۔ انہوں نے بتایا کہ سرکاری فورسز نے ترک سرحد کے قریب واقع گاؤں عین البائدہ کے ایک شخص کو اس وقت گولی مار کر ہلاک کردیا جب وہ سرحد پار فرار ہونے کی کوشش کررہاتھا۔

انسانی حقوق کے کارکنوں کا کہناہے کہ شام کی فورسز نے منحرفین کے خلاف جاری اپنی پکڑ دھکڑ کی کارروائیوں میں اتوار کے روز ملک کے مختلف حصوں میں کم ازکم 14 افراد کو ہلاک کردیاتھا۔ انہوں نے بتایا کہ سرکاری فورسز ایک اعلیٰ حکومتی عہدے دار صوبے حمص کے اٹارنی جنرل عدنان بکر کو تلاش کررہی ہیں ۔

عدنان نے پچھلے ہفتے انٹرنیٹ پر اپنے دو ویڈیو پیغامات میں یہ اعلان کیا تھا کہ وہ صدر بشارالاسد کے حامیوں کی جانب سے حماہ میں ان کی صدارت کے خلاف مظاہرہ کرنے والوں پر حملہ کرکے ہلاک کرنے کے خلاف احتجاجاً اپنا عہدہ چھوڑ رہے ہیں۔

جب کہ شام کی حکومت کا کہناہے کہ انہیں مسلح افراد کے ایک گروہ نے اغوا کرکے ان سے زبردستی یہ بیان دلوایا ہے۔ جب کہ عدنان بکر نے ایک اور ویڈیو میں اپنے اغوا کی تردید کی ہے۔

ان کے بارے میں کسی کو معلوم نہیں ہے کہ وہ کہاں ہیں۔

شام کے سرگرم کارکنوں کا کہناہے کہ دمشق میں واقع مازہ فوجی ہوائی اڈے کے کچھ فوجی بغاوت کرکے حزب اختلاف سے مل گئے ہیں۔ حکومت نے ان اطلاعات کی تردید کی ہے۔

XS
SM
MD
LG