رسائی کے لنکس

شام: تشدد کے واقعات میں چار افراد ہلاک


شام: تشدد کے واقعات میں چار افراد ہلاک
شام: تشدد کے واقعات میں چار افراد ہلاک

شام میں انسانی حقوق کے کارکنوں کا کہناہے کہ ملک کے جنوبی حصے میں سیکیورٹی فورسز نے چارافراد کو ہلاک کردیا ہے جب کہ ملک کے جنوب مغربی حصے میں صدر بشارالاسد کے حق میں ایک بڑا مظاہرہ ہواہے۔

سرگرم کارکنوں کا کہناہے کہ سیکیورٹی فورسز نے جمعرات کے روز صوبہ درا میں چھاپے مارکر کئی افراد کو گرفتار کرلیا۔ ان کارروائیوں کے دوران ہلاک ہونے والوں میں 15 سال سے کم عمر کا ایک لڑکا بھی شامل ہے۔

شام کے طول وعرض میں بدھ کے روز سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں کم ازکم 26 افراد ہلاک ہوئے ، جن میں سے 12 عام شہری شورش زدہ صوبے حمص میں ہلاک ہوئے ۔ جب کہ 11 فوجی اہل کار وسطی صوبے حمات میں مارے گئے۔

ایک اور خبر کے مطابق صدر بشارالاسد کے حامیوں نے جمعرات کے روز ساحلی شہر لاذقیہ ایک بڑا مظاہرہ کیا۔ مظاہرے میں شامل کئی افراد نے شام کے پرچم اٹھا رکھے تھے اوروہ صدر اسد کی حمایت میں نعرے لگارہے تھے۔

حکومت کے ہزاروں حامیوں نے بدھ کو دارالحکومت دمشق میں عرب لیگ کے وفد کے ساتھ صدر اسد کی ملاقات کے موقع پر ایک ایسا ہی مظاہرہ کیا تھا۔عرب لیگ ملک میں جاری شورش ختم کرانے کی کوششیں کررہی ہے۔

22 رکنی عرب لیگ شام میں حالات معمول پر لانے کے لیے حکومت اور حزب اختلاف کی حال ہی میں قائم ہونے والی تنظیم سیرین نیشنل کونسل کے درمیان مذاکرات کرانا چاہتی ہے۔ لیکن تجزیہ کاروں کا کہناہے کہ سیکیورٹی فورسز کی پکڑ دھکڑ کی موجودہ کارروائیوں کے پیش نظر ایسے مذاکرات کا انعقاد ممکن دکھائی نہیں دیتا۔

شام کی حکومت کو مظاہرین کے خلاف کارروائیوں کی بنا پر بڑھتے ہوئے بین الاقوامی دباؤ کا سامناہے۔ اقوام متحدہ کا کہناہے کہ سات ماہ سے جاری حکومت مخالف تحریک میں اب تک تین ہزار سے زیادہ افراد مارے جاچکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG