رسائی کے لنکس

حمص پہ شامی افواج کا زمینی حملہ


حمص پہ شامی افواج کا زمینی حملہ
حمص پہ شامی افواج کا زمینی حملہ

حمص شہر کے محاصرے اور تین ہفتوں تک جاری رہنے والی بمباری کے نتیجے میں سینکڑوں افراد ہلاک ہوئے ہیں جب کہ شہر میں خوراک، پانی اور ادویات کی سخت قلت ہے

مسلسل تین ہفتوں کی بمباری اور محاصرے کے بعد شامی افواج نے ملک کے وسطی شہر حمص میں ایک بڑی زمینی کاروائی کا آغاز کردیا ہےجسے صدر بشار الاسد کے مخالفین کا اہم گڑھ سمجھا جاتا ہے۔

اطلاعات کے مطابق بدھ کو باغیوں کے زیرِ انتظام حمص کے علاقے بابا امر میں سرکاری افواج اور باغیوں کے مابین جھڑپیں ہوئیں۔

قبل ازیں انسانی حقوق کے کارکنوں نے دعویٰ کیا تھا کہ شامی افواج کے فوجی دستے ٹینکوں کے ہمراہ شہر میں داخل ہوگئے ہیں اور بظاہر اس پیش قدمی کا مقصد فیصلہ کن کاروائی کرکے علاقے کا قبضہ حاصل کرنا ہے۔

کارکنوں کا کہنا ہے کہ حمص شہر کے محاصرے اور تین ہفتوں تک جاری رہنے والی بمباری کے نتیجے میں سینکڑوں افراد ہلاک ہوئے ہیں جب کہ شہر میں خوراک، پانی اور ادویات کی سخت قلت ہے۔

اس سے قبل منگل کو اقوامِ متحدہ کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے کہا تھا کہ شام میں گزشتہ ایک برس سے جاری حکومت مخالف احتجاجی تحریک کو دبانے کے لیے الاسد انتظامیہ کی پرتشدد کاروائیوں میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد ساڑھے سات ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔

اقوام متحدہ کے پولیٹیکل چیف لِن پاسکوئی نے کہا تھا کہ ان کے پاس ’’مستند اطلاعات‘‘ ہیں کہ شام میں روزانہ کی بنیاد پر ایک سو سے زائد ہلاکتیں ہوئی ہیں جن میں عورتیں اور بچے بھی شامل ہیں۔

اس سے قبل فرانس نے کہا تھا کہ بین الاقوامی سفارت کاروں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پیش کرنے کے لیے ایک قرارداد کے مسودے پر کام شروع کردیا ہے جس میں شامی حکومت سےفوری طور پر تشدد روکنے اور متاثرہ آبادیوں میں امداد پہنچانے کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا جائے گا۔

چین نے بھی لڑائی کے خاتمے اور تشدد سے متاثرہ علاقوں میں امداد بھیجنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

روس اور چین اس سے قبل سلامتی کونسل میں مغربی اور عرب ممالک کی جانب سے پیش کردہ ان دو قراردادوں کو ویٹو کرچکے ہیں جن میں شامی حکومت کی پرتشدد کاروائیں کی مذمت کی گئی تھی۔

سفارت کاروں کا کہنا ہے کہ مغربی طاقتوں اور ان کے عرب اتحادیوں کو امید ہے کہ نئی قرارداد کے مسودے میں شام میں جاری انسانی بحران کا ذکر کرنے پر ماسکو اور بیجنگ کے لیے اسےویٹو کرنا مشکل ہوجائے گا۔

XS
SM
MD
LG