رسائی کے لنکس

شام: باغیوں کا سراقب پر قبضے کا دعویٰ


شام کے باغی فوجی(فائل)
شام کے باغی فوجی(فائل)

یہ قصبہ دارالحکومت دمشق کو حلب سے ملانے والی شاہراہ پر واقع ہے اور یہاں سےایک سڑک بحیرہ روم کے ساحلی علاقوں کو بھی جاتی ہے۔

شام کے سرگرم کارکنوں نے کہاہے کہ حکومت مخالف فورسز نے ملک کے شمالی حصے میں واقع دفاعی اہمیت کے ایک اہم قصبے پر قبضہ کرلیا ہے۔ اس قصبے کی اہمیت گنجان آباد شہر حلب کے تناظر میں زیادہ ہے جسے سرکاری فورسز نے اپنے حصار میں لیا ہوا ہے اور وہاں کئی مہینوں سے حکومت اور باغیوں کے درمیان شدید جھڑپیں ہورہی ہیں۔

برطانیہ میں قائم شام کی ایک تنظیم ’ سیرین آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس ‘ نے کہاہے کہ صدر بشار الاسد کی وفادر افواج نےسراقب کو مکمل طور پر خالی کردیا ہے۔ یہ قصبہ دارالحکومت دمشق کو حلب سے ملانے والی شاہراہ پر واقع ہے اور یہاں سےایک سڑک بحیرہ روم کے ساحلی علاقوں کو بھی جاتی ہے۔

سرگرم کارکنوں کا کہناہے کہ سراقب کا کنٹرول حاصل کرنے کے لیے جمعرات کی لڑائی میں کم ازکم 28 فوجی ہلاک ہوگئے تھے۔

حملے کے کچھ ہی دیر بعد یوٹیوب پر جاری کی جانے والی ایک ویڈیو سے ظاہر ہوتا ہے کہ باغی ، سرکاری فوجیوں کو قتل کررہے ہیں ۔ خیال ہے کہ ان فوجیوں کو ہتھیار ڈالنے کے بعد ہلاک کیا گیا ۔

ویڈیو کی صداقت کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہوسکی لیکن اس نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں میں تشویش کو جنم دیا ہے۔

اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی تنظیم نے کہاہے کہ یہ ویڈیو بظاہر جنگی جرائم کا ایک ثبوت فراہم کرتی ہے۔ انسانی حقوق کی ایک اور تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اس مبینہ حملے کی مذمت کی ہے۔

باغیوں کی جانب سے سراقب پر قبضے کے دعوی ٰ پر شام کی حکومت یا سرکاری میڈیا نے فوری طور پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا۔

سراقب پر باغیوں کے قبضے کے بعد شام کی حکومت کے لیے حلب میں اپنی فورسز کو کمک پہنچانا انتہائی دشوار ہوجائے گا۔
XS
SM
MD
LG