رسائی کے لنکس

شام: قومی حکومت تشکیل دی جائے، عرب لیگ


قطری وزیر اعظم، جاسم الثانی
قطری وزیر اعظم، جاسم الثانی

دو ہفتے کے اندر اندر اپوزیشن سے قومی معاملات پر مذاکرات شروع کیے جائیں، اور دو ماہ کے اندر اندر ایک نئی حکومت تشکیل دی جائے

عرب لیگ کے وزرائےخارجہ نے شام کے صدر بشار الاسد پر زور دیا ہے کہ قومی حکومت تشکیل دینے کے بعد وہ اختیارات اپنے نائب صدر کو سونپ دیں، جس کے بعد پارلیمان اور صدارت کے لیے قبل از وقت انتخابات منعقد کرائے جائیں۔

قطر کے وزیر اعظم حماد بن جاسم الثانی نے اِس بات کا اعلان اتوار کے روز قاہرہ میں کیا۔

اعلان کے مطابق حکومت شام سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ دو ہفتے کے اندر اندر اپوزیشن سے قومی یکجہتی پر مذاکرات کا آغاز کرے، اور یہ کہ دو ماہ کے اندر اندر ایک نئی حکومت تشکیل دی جائے۔

الثانی نے کہا کہ عرب لیگ اپنے فیصلے کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے سامنےلے جائے گی، جِس سے اِس کی توثیق کے لیے کہا جائے گا۔

لیکن، سعودی عرب نے اتوار کے روز یہ اعلان کرکے کہ وہ شام سے اپنے مبصروں کو واپس بلا ئے گا، لیگ کے مبصر مشن کا معاملہ کھٹائی میں ڈال دیا۔ سعودی وزیر خارجہ شہزادہ سعود الفیصل نے کہا کہ اُس نے یہ فیصلہ اپنا احتجاج درج کرانے کے لیے لیا ہے، کیونکہ، اُن کے بقول، شام دس ماہ سے جاری اپوزیشن کی جدوجہد کو پُر تشدد کارروائی کے ذریعے کچلنے سے باز رہنے سے متعلق عرب لیگ کے پیش کردہ منصوبے کی پاسداری کرنے میں ناکام رہا ہے۔

شہزادہ فیصل نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا، جس میں شام کے اتحادی روس اور چین بھی شامل ہیں، کہ وہ مسٹر اسد کی حکومت پر’ ہر ممکنہ دباؤ‘ ڈالیں تاکہ وہ لیگ کے پچھلے منصوبےپر عمل پیرا ہو۔

تجویز میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ حکومتی فورسز رہائشی علاقوں کو خالی کردیں، سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے، میڈیا تک آزادانہ رسائی فراہم کی جائے اور حکومت کے مخالفین سے مذکرات کا اجرا کیا جائے۔

سعودی عرب مسٹر اسد کے 11سالہ آمرانہ دور حکومت کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے والے لوگوں کے خلاف پُر تشدد کارروائیوں کا عرب ملکوں میں سب سےبڑا ناقد رہا ہے۔

XS
SM
MD
LG