رسائی کے لنکس

عرب لیگ، شام کے بارے میں اپنےمعائنہ کاروں کی رپورٹ کا جائزہ، اگلے اتوار کو لے گی


عرب لیگ، شام کے بارے میں اپنےمعائنہ کاروں کی رپورٹ کا جائزہ، اگلے اتوار کو لے گی
عرب لیگ، شام کے بارے میں اپنےمعائنہ کاروں کی رپورٹ کا جائزہ، اگلے اتوار کو لے گی

عرب لیگ نے کہا ہے کہ اس کے وزرائے خارجہ شام بھیجے گئے معائنہ کاروں کی تیار کردہ حتمی رپورٹ کے جائزے کے لیے اگلی اتوار کو ملاقات کررہے ہیں۔

عرب لیگ کے معائنہ کاروں نے شام کا دورہ یہ جاننے کے لیے کیا تھا کہ حکومت نے حزب مخالف کی تحریک کے خلاف پکڑ دھکڑ کی کارروائیاں روکنے کے اپنے وعدے کس حد تک پورے کیے ہیں۔

عرب لیگ کے معائنہ کار 26 دسمبر سے شام میں ہیں اور ان کا مشن جمعرات کو مکمل ہونے کی توقع کی جارہی ہے۔

شام میں انسانی حقوق کی تنظیموں کا کہناہے کہ صدر بشارالاسد نے معائنہ کاروں کو دھوکہ دیتے ہوئے حالیہ ہفتوں میں اپنے مخالفین کے خلاف ملک کارروائیوں کے دائرے میں اضافہ کیا۔

عرب لیگ کا کہناہے کہ شام پر ایک خصوصی کمیٹی ہفتے کے روز معائنہ کاروں کی حتمی رپورٹ پر گفت وشنید کرے گی اور اس سے اگلے روز عرب لیگ کے وزرائے خارجہ کی ایک مکمل میٹنگ یہ رپورٹ زیر بحث آئے گی۔

عرب لیگ کے مشن میں قطر زیادہ کھل کر شام کے خلاف سخت اقدامات کے حق میں اپنی رائے دیتا رہاہے ۔ امریکی ٹیلی ویژن سی بی ایس کے ساتھ اتوار کے روز ایک انٹرویو میں قطر کے امیر شیخ حامد بن خلیفہ الثانی نے کہاہے کہ تشدد پر قابو پانے کے لیے عرب لیگ کے فوجی دستے شام بھیجے جانے چاہیں۔

شام میں فوجی دستے بھیجنے کی تجویز دینے والے وہ پہلے عرب راہنما ہیں۔

شام میں مظاہرین گذشتہ سال مارچ سے جمہوری اصلاحات اور مسٹر اسد کے گیارہ سالہ مطلق العنان اقتدار کے خاتمے کے لیے تحریک چلارہے ہیں۔

حالیہ مہینوں میں فوج سے کئی اہل کار بغاوت کرکے اصلاح پسندوں کے ساتھ شامل ہوچکے ہیں اور وہ مسٹر اسد کی حامی فورسز کے خلاف لڑائیوں میں مصروف ہیں۔

شام ملک میں جاری شورش کاالزام مسلح دہشت گردوں پر عائد کرتاہے جسے حکومت کے بقول غیر ملکی سازش کی حمایت حاصل ہے۔

XS
SM
MD
LG