رسائی کے لنکس

کیمیائی ہتھیاروں کی تلفی، شام کے منصوبے کا انتظار


آرگینائیزیشن فار دی پروہیبیشن آف کیمیکل ویپنز کا صدر دفتر
آرگینائیزیشن فار دی پروہیبیشن آف کیمیکل ویپنز کا صدر دفتر

شام کے پاس منصوبہ فراہم کرنے کے لیے اتوار تک کا وقت ہے۔

شام میں کیمیائی ہتھیاروں کی تلفی سے متعلق منصوبے کی نگرانی کرنے والے مشن نے توقع ظاہر کی ہے کہ حکومت اس بارے میں اپنا منصوبہ جمعرات کو پیش کر دے گی۔

تلفی کا عمل اقوام متحدہ اور آرگینائیزیشن فار دی پروہیبیشن آف کیمیکل ویپنز (او پی سی ڈبلیو) کے ساتھ کیے گئے اس معاہدہ کا حتمی مرحلہ ہے جس کے تحت آئندہ برس کے وسط تک شام کو کیمیائی ہتھیاروں سے پاک کر دیا جائے گا۔

شام کے پاس منصوبہ فراہم کرنے کے لیے اتوار تک کا وقت ہے، مگر او پی سی ڈبلیو کے ایک ترجمان نے بتایا کہ مشن کو آئندہ 24 گھنٹوں کے اندر ابتدائی دستاویز ملنے کی اُمید ہے جس میں ہتھیاروں کی تلفی کے سلسلے میں حکومت کے منصوبے کا ذکر کیا گیا ہوگا۔

او پی سی ڈبلیو کے معائنہ کار کیمیائی ہتھیاروں کی تیاری سے متعلق تقریباً تمام ان تنصیبات کا دورہ کر چکے ہیں جن کی نشاندہی شام کی حکومت نے کی ہے۔ ان تنصیبات کا عملہ وہاں موجود ساز و سامان کو ناقابل استعمال بنا رہا ہے۔

او پی سی ڈبلیو نے اس اعتماد کا اظہار کیا ہے کہ یکم نومبر تک شام کی نئے کیمیائی ہتھیاروں کی تیاری کی صلاحیت کو ختم کر دیا جائے گا۔

درین اثنا شام میں حکام نے کہا ہے کہ ملک کے بیشتر حصے میں بجلی کی ترسیل بحال کی جا رہی ہے۔ بدھ کو دیر گئے بین الاقوامی ہوائے اڈے کے قریب دھماکے کے بعد بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی تھی۔

وزیرِ برائے بجلی عماد خامص نے کہا کہ تمام علاقوں میں آئندہ 48 گھنٹوں میں بجلی کی ترسیل بحال ہونے کی اُمید ہے۔
XS
SM
MD
LG