رسائی کے لنکس

کیمیائی ہتھیاروں کے ماہرین جلد شام کا دورہ کریں گے


گاؤں خان الاصل کا ایک منظر
گاؤں خان الاصل کا ایک منظر

سیکرٹری جنرل بان کی مون نے کہا کہ شام کی حکومت نے اس دورے کی تفصیلات پر اتفاق کیا ہے اور اقوام متحدہ کی یہ ٹیم وہاں دو ہفتوں تک مقیم رہے گی۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے کہا ہے کہ عالمی ادارے کے ماہرین جلد ہی شام جاکر وہاں خانہ جنگی کے دوران کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کے دعوؤں کی تحقیقات کریں گے۔

ایک بیان میں بدھ کو مسٹر بان نے کہا کہ شام کی حکومت نے اس دورے کی تفصیلات پر اتفاق کیا ہے اور اقوام متحدہ کی یہ ٹیم وہاں دو ہفتوں تک مقیم رہے گی۔

توقع ہے کہ یہ ٹیم شام کے ان تین مختلف علاقوں کا دورہ کرے گی جہاں مبینہ طور پر کیمیائی ہتھیار استعمال کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔ ان میں حلب کے نواح میں واقع خان الاصل گاؤں بھی شامل ہے۔ دیگر دو مقامات کے نام تاحال منظر عام پر نہیں آئے۔

شام کے سب سے بڑے شہر حلب پر کنٹرول حاصل کرنے کی لڑائی کے دوران خان الاصل ایک کلیدی محاذ رہا ہے۔

حکومت اور باغی دونوں ہی ایک دوسرے پر اس علاقے میں رواں سال کے اوائل میں ہونے والی لڑائی کے دوران کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کا الزام عائد کرتے ہیں۔ اس لڑائی میں 30 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

تحقیقاتی ٹیم کی سربراہی اکی سیلسٹروم کریں گے جو کہ اقوام متحدہ کے کیمیائی ہتھیاروں کی تفتیشی یونٹ کے سربراہ بھی ہیں۔
XS
SM
MD
LG