رسائی کے لنکس

شام: تیل کی اہم پائپ لائن میں دھماکہ


شام: تیل کی اہم پائپ لائن میں دھماکہ
شام: تیل کی اہم پائپ لائن میں دھماکہ

شام میں حکومت مخالف مظاہرین کے خلاف سرکاری افواج کی پرتشدد کاروائیاں جاری ہیں جب کہ تیل کی ایک اہم پائپ لائن کو دھماکے سے اڑادیا گیا ہے۔

برطانیہ میں قائم تنظیم 'سیرین آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس' کے مطابق متاثرہ پائپ لائن کے ذریعے شہر حمص کے نزدیک واقع ایک آئل ریفائنری کو تیل فراہم کیا جارہا تھا۔

تنظیم نے پائپ لائن میں دھماکے کی وجہ نہیں بتائی ہے۔

شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی 'صنعا' نے پائپ لائن میں دھماکے کو سبوتاژ کی کاروائی قرار دیتے ہوئے اس کی ذمہ داری "ایک مسلح دہشت گرد گروہ" پر عائد کی ہے۔

شامی حزبِ اختلاف کے کارکنوں نے انٹرنیٹ پر واقعہ کی ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں پائپ لائن میں آگ کے شعلے بھڑک رہے ہیں اور گہرا سیاہ دھواں آسمان میں بلند ہورہا ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل جولائی میں بھی آئل پائپ لائنوں پر اسی نوعیت کے دو حملے کیے گئے تھے۔

دریں اثنا شامی تنظیم نے کہا ہے کہ حمص میں جمعرات کو نشانہ بازوں کی جانب سے کی گئی کاروائی اور فائرنگ کے دیگر واقعات میں کم از کم سات افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

رواں ہفتے شہر میں اغوا اور قتل کی وارداتوں میں تیزی دیکھنے میں آئی ہے جب کہ سرکاری فورسز کی جانب سے حکومت مخالف مظاہرین کے خلاف کاروائیوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

گزشتہ روز ایک امریکی صحافی کو دیے گئے انٹرویو میں شام کے صدر بشار الاسد نے اس الزام کی تردید کی تھی کہ گزشتہ آٹھ ماہ کے دوران ہلاک ہونے والے ہزاروں حکومت مخالف مظاہرین کے قتل کے احکامات انہوں نے جاری کیے تھے۔

XS
SM
MD
LG