رسائی کے لنکس

شامی فورسز کی فضائی کارروائیوں میں ہلاکتیں 95 ہو گئیں


برطانیہ میں قائم تنظیم 'سیرین آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس' نے بدھ کو کہا کہ منگل کو صنعتی علاقے اور شہر کے عجائب گھر کے قریب واقع ایک مشہور مارکیٹ پر ہونے والے حملے میں کم از کم 120 افراد زخمی بھی ہوئے۔

شام کی سرکاری فوج کی رقہ شہر میں شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ کے ٹھکانوں کے خلاف فضائی کارروائی میں ہلاکتوں کی تعداد 95 ہو گئی ہے۔

برطانیہ میں قائم تنظیم 'سیرین آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس' نے بدھ کو کہا کہ منگل کو صنعتی علاقے اور شہر کے عجائب گھر کے قریب واقع ایک مشہور مارکیٹ پر کی گئی فضائی کارروائیوں میں کم از کم 120 افراد زخمی بھی ہوئے۔

'سیرین آبزرویٹری' گزشتہ تقریباً چار سال سے شام میں خانہ جنگی کے دوران ہلاک اور زخمی ہونے والوں کے بار ے میں اعداد و شمار جمع کر رہی ہے۔ اس تنظیم کے مطابق تازہ فضائی کارروائیوں میں ہلاک ہونے والوں میں 52 عام شہری بھی شامل ہیں، لیکن تنظیم نے یہ نہیں بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں عسکریت پسندوں کی تعداد کتنی تھی۔

مارچ 2011ء سے صدر بشار الاسد کے مخالف دھڑوں کے خلاف حکومت برسر پیکار ہے جبکہ دولت اسلامیہ کے جنگجوؤں نے شام کے مشرقی علاقوں پر قبضہ کر کے وہاں نام نہاد "خلافت" قائم کرنے کا اعلان کیا ہے جو ہمسایہ ملک عراق کے کچھ علاقوں تک پھیل گئی ہے۔

اس ماہ کے اوائل میں دولت اسلامیہ کے گروہ نے ایک وڈیو جاری کی جس میں جنگجوؤں کو 18 افراد کے سر قلم کرتے دکھایا گیا جن کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ وہ شام کے فوجی ہیں۔

XS
SM
MD
LG