رسائی کے لنکس

شام میں امن کے لیے بات چیت بغیر کسی پیش رفت کے ختم


لخدار براہیمی
لخدار براہیمی

خصوصی ایلچی لخدار براہیمی نے امن مذاکرات میں تعطل کو دور کرنے کی آخری کوشش کے طور پر فریقوں سے جنیوا میں علیحدہ علیحدہ ملاقات کی۔

شام میں امن کے لیے اقوام متحدہ کی کوششوں سے حکومت اور حزب مخالف کے درمیان بات چیت بغیر کسی پیش رفت کے ختم ہوگئی۔

خصوصی ایلچی لخدار براہیمی نے امن مذاکرات میں تعطل کو دور کرنے کی آخری کوشش کے طور پر فریقوں سے جنیوا میں علیحدہ علیحدہ ملاقات کی۔

شام کے حزب مخالف کے ایک مرکزی گروپ کا کہنا ہے کہ حکومت کے ساتھ امن مذاکرات ’’بند گلی‘‘ میں پہنچ گئے ہیں۔

حزب مخالف کے ترجمان لوائے صافی نے اس کا الزام حکومت کی ’’سخت رویے‘‘ پر عائد کیا جب کہ شام کے نائب وزیرخارجہ فیصل میکداد کا کہنا تھا کہ حزب مخالف کا ایجنڈا ’’غیر حقیقت پسندانہ‘‘ ہے۔

اپوزیشن شام کے صدر بشارالاسد کے بغیر ملک میں ایک عبوری حکومت کی تشکیل پر بات چیت کرنا چاہتی ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ مذاکرات کا محور دہشت گردی کے خلاف لڑائی ہے۔ دمشق باغیوں کے لیے دہشت گرد کی اصطلاح استعمال کرتا ہے۔

ادھر امریکہ کے صدر براک اوباما نے شام کے مسئلے کا ’’سفارتی حل‘‘ تلاش کرنے پر زور دیا ہے۔

صدر اوباما کے مطابق وہ نہیں سمجھتے کہ اس ضمن میں مستقبل قریب میں کسی نتیجے تک پہنچا جا سکے لیکن ان کے بقول ’’اسد حکومت پر دباؤ بڑھانے کے لیے بعض فوری اقدامات‘‘ کیے جائیں۔

صدر اوباما نے یہ بات جمعہ کو دیر گئے کیلیفورنیا میں اردن کے بادشاہ عبداللہ سے ملاقات میں کہی۔

دریں اثناء شام میں حزب مخالف کے سرگرم کارکنوں کا کہنا ہے کہ باغیوں کے زیر قبضہ گاؤں یادودا میں ایک مسجد کے باہر ہونے والے کار بم دھماکے میں کم ازکم 29 افراد ہلاک ہو گئے۔

شام کے سرکاری ٹی وی نے دھماکے کی خبر دی لیکن اس کی مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔
XS
SM
MD
LG