رسائی کے لنکس

دوسرا سیمی فائنل: ویسٹ انڈیز نے بھارت کو 7 وکٹوں سے ہرادیا


دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلا خاصی سنسنی خیز ثابت ہوا۔ میچ اس قدر کانٹے کا تھا کہ ویسٹ انڈیز صرف دو گیندیں قبل ہی جیت اپنے نام کرسکا ورنہ کھیل کا پانسہ پلٹ بھی سکتا تھا۔

ویسٹ انڈیز اور بھارت کے درمیان ورلڈ ٹی ٹوئنٹی سلسلے کا ممبئی میں کھیلا جانے والا دوسرا سیمی فائنل جمعرات کو ویسٹ انڈیز نے بھارت کو سات وکٹوں سے شکست دے کر جیت لیا۔ اس کے ساتھ ہی ویسٹ انڈیز فائنل میں پہنچ گیا ہے جہاں اس کا مقابلہ انگلینڈ سے ہوگا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا میچ خاصا سنسنی خیز ثابت ہوا۔ میچ اس قدر کانٹے کا تھا کہ ویسٹ انڈیز صرف دو گیندیں قبل ہی جیت اپنے نام کرسکا ورنہ کھیل کا پانسہ پلٹ بھی سکتا تھا۔

بھارت نے میچ جیتنے کے لیے مہمان ٹیم کو 193 رنز کا ہدف دیا تھا۔ اس ہدف میں ویرات کوہلی کی ایک شاندار اننگز بھی شامل تھی۔

جمعرات کی شام وانکھیڈے اسٹیڈیم میں ٹاس جیت کر ویسٹ انڈین کے کپتان ڈیرن سیمی نے پہلے فیلڈنگ کرنے کو ترجیح دی۔ شاید ان کے پیش نظر یہ خیال بھی ہوگا کہ بعد میں کھیلنے والی ٹیم کو اوس کی بدولت فائدہ پہنچے گا۔۔۔ اور ہوا بھی ایسا ہی۔

بھارتی بلے باز روہت شرما اور اجنکیا راہانے نے ٹیم کا اسکور 62 رنز تک پہنچایا۔ روہت ویسٹ انڈیز کے بالرز کا پہلا شکار اس وقت بنے جب ان کا انفرادی اسکور تین چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 43 رنز تھا۔

دوسرے وکٹ کی ساجھے داری کے لئے ورات کوہلی میدان میں اترے ۔انہوں نے راہانے کے ساتھ مل کرٹیم کے اسکور میں مزید 66 رنز کا اضافہ کیا جبکہ دوسرا اینڈسنبھالنے والے راہانے نے 40 رنز بنائے۔ وہ آندرے رسل کے ہاتھوں پویلین لوٹے۔

اس کے بعد ویسٹ انڈیز بالرز کی تمام کوششیں ضائع ہوئیں اور مزید کوئی وکٹ انہیں نہیں ملی حتیٰ کہ دو مواقع پر رن آوٴٹ کرنے کی صورت میں انہیں ورات کی وکٹ مل سکتی تھی مگر ورات ’بھاگوان‘ ثابت ہوئے۔ انہوں نے 89رنز بنائے اور آخرتک آوٴٹ نہیں ہوئے۔ اس اسکور میں ان کے گیارہ چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔

یوں بھارت نے مجموعی طور پر دو وکٹس کے نقصان پر 192رنز بنائے جبکہ ویسٹ انڈیز کی بیٹنگ کی بات کریں تو اوپنرز کرس گیل اور جونسن چارلز نے اننگز کا آغاز کیالیکن گیل دوسرے اوور میں ہی 5 رنز بنا کر آوٴٹ ہوگئے ۔

ان کی جگہ مارلن سیموئل آئے مگر وہ بھی زیادہ اسکور نہ کرسکے اور صرف 8 رنزہی بناسکے۔ چارلز اور لینڈل سیمنز نے تیسری وکٹ کے طور پر اسکور میں 97 رنز کا اضافہ کیا ۔

چارلز انفرادی طور پر 52 رنز بنا کر آوٴٹ ہوئے۔ اندرے رسل نے 20 گیندوں پر 43 رنز بنائے۔ بھارت کی جانب سے اشیش نہرا، جسپرٹ اور ورات، تینوں نے ویسٹ انڈیز کی ایک ایک وکٹ اپنے نام کی۔

XS
SM
MD
LG