رسائی کے لنکس

تائیوان امریکہ سے ہتھیاروں کی خریداری موخر کرنے کا خواہشمند


تائیوان امریکہ سے ہتھیاروں کی خریداری موخر کرنے کا خواہشمند
تائیوان امریکہ سے ہتھیاروں کی خریداری موخر کرنے کا خواہشمند

تائیوان میں ایک قانون ساز نے کہا ہے کہ مالی مشکلات کے باعث اُن کا ملک امریکہ سے فوجی سازوسامان کی خرید کے دو بڑے معاہدوں پر عمل درآمد موخر کرنے کی خواہش رکھتا ہے۔

اس اقدام سے جن ہتھیاروں کی خرید متاثر ہو گی ان میں ساٹھ ’بلیک ہاک‘ ہیلی کاپٹرشامل ہیں۔ جنوری میں 6.4 ارب ڈالر مالیت کے ان معاہدوں کے اعلان کے بعد امریکہ اور چین کے تعلقات میں تناؤ آ گیا تھا۔

حکمران جماعت کے رکن لِن یوفانگ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ تائیوان چھ ’پیٹرییاٹ‘ میزائل شکن نظام کی خرید بھی ملتوی کرنا چاہتا ہے۔ دونوں صورتوں میں ان ہتھیاروں کی فراہمی تین برس کے لیے موخر ہو جائے گی۔

لِن نے اپنی حکومت کی خواہش کی وجہ امریکہ میں ان ہتھیاروں سے متعلق پیداواری اوقات کار اور تائیوان میں بجٹ سے متعلق مسائل کو قرار دیا۔ تائیوان کو مسلسل تیسرے برس بھی بجٹ خسارے کا سامنا ہے۔

جنوری میں ان ہتھیاروں کی خریدوفروخت کے اعلان کے بعد چین نے امریکہ کے ساتھ دفاعی تعلقات منقطع کر دیے تھے اور امریکی وزیر دفاع رابرٹ گیٹس کو دی گئی دورے کی دعوت واپس لے لی تھی۔

حالیہ ہفتوں میں دونوں ممالک نے عسکری رابطوں کی بحالی اور رابرٹ گیٹس کے آئندہ سال چین کا دورہ کرنے کے اعلانات کیے ہیں۔

XS
SM
MD
LG