رسائی کے لنکس

پولیس مقابلے میں دو مبینہ شدت پسند ہلاک


صوبہ پنجاب کے ضلع فیصل آباد میں پولیس نے جمعہ کی صبح دو مبینہ شدت پسندوں کو ایک پولیس مقابلے میں ہلاک کرنے کا دعویٰ ہے۔ فیصل آباد کے سینیئر سپریٹنڈنٹ پولیس سرفراز احمد خلقی نے وائس آف امریکہ سے خصوصی گفتگو میں بتایا کہ مارے جانے والے دو شدت پسندوں میں معاذ عرف کنڈی اور اُس کا ایک ساتھی عادل شامل ہے۔

سرفراز خلقی کے مطابق معاذ عرف کنڈی لاہور میں ”15“پولیس کے دفتر پر حملے کا مرکزی ملز م تھا۔ خیال رہے کہ مقامی میڈیا کی اطلاعات کے مطابق گذشتہ روز فیصل آباد سے ایک اہم طالبان کمانڈر کو گرفتار کیا گیا تھا تاہم سرفراز خلقی نے اس تصدیق یا تردید نہیں کی۔

خیال رہے کہ وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک نے بھی جمعہ کی صبح ایک سوال کے جواب میں صحافیوں کو بتایا کہ ہلمند میں طالبان کے خلاف امریکہ اور اُس کی اتحادی فوجوں کے آپریشن کے بعد بہت سے طالبان سرحد پار کر کے پاکستان میں داخل ہوئے ہیں جنھیں ملک کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر نے اب تک گرفتار کیے جانے والے طالبان کی تعداد تو نہیں بتائی تاہم مقامی میڈیا کے مطابق ملاعبدالغنی برادر کے علاوہ دو اور اہم طالبان کمانڈروں کوبھی پاکستان سے گرفتار کیا گیا ہے لیکن ابھی تک سرکاری طورپر اس کی تصدیق نہیں کی گئی۔

گرفتار ہونے والے دو طالبان کمانڈروں کے نام ملاعبدالسلام اور ملا میر محمدبتائے گئے ہیں جو صوبہ قندوز اور بغلان میں طالبان شورہ نے بطور گورنر تعینات کر رکھا تھااور وہ ان علاقوں میں شدت پسندوں کی کارروائیوں کی نگرانی کرتے تھے۔

XS
SM
MD
LG