رسائی کے لنکس

کراچی: ٹی وی رپورٹر فائرنگ سے ہلاک


کراچی: ٹی وی رپورٹر فائرنگ سے ہلاک
کراچی: ٹی وی رپورٹر فائرنگ سے ہلاک

پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں ایک صحافی کو نامعلوم افراد نے گھات لگا کر قتل کردیا ہے۔ "جیو نیوز" کے نمائندہ ولی خان بابر کو جمعرات کی شب کراچی کے علاقے لیاقت آباد کی سپر مارکیٹ کے نزدیک نامعلوم مسلح ملزمان نے نشانہ بنایا۔

پولیس حکام کے مطابق ولی خان بابر کو 5 گولیاں لگیں جس کے باعث انہوں نے موقع پر ہی دم توڑ دیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور کار میں سوار تھے اور انہوں نے انتہائی قریب سے ولی خان پر گولیاں برسائیں۔ انہیں دو گولیاں ماتھے پر، ایک گال پر اور دو گردن پر لگیں۔ حملہ آور کارروائی کے بعد بآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

"جیو نیوز" کے مطابق جامعہ کراچی سے بین الاقوامی تعلقات میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کرنے والے ولی خان بابر گزشتہ چار سال سے ادارے سے وابستہ تھے اور ادارے کے نڈر اور بے باک صحافیوں میں شمار ہوتےتھے۔

جیو نیوز کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ولی خان آج صبح سے کراچی کے علاقے پہلوان گوٹھ میں جاری پولیس آپریشن کی کوریج کررہے تھے جس کے بعد وہ دفتر پہنچے اور واقعے کی تفصیلی رپورٹ فائل کرنے کے بعد اپنی گاڑی میں اپنی رہائش گاہ جارہے تھے جب انہیں لیاقت آباد کے علاقے میں رات ساڑھے نو بجے کے قریب نشانہ بنایا گیا۔

جیو نیوز کا کہنا ہے کہ ولی خان کو لیاقت آباد میں جس جگہ فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا وہ لیاقت آباد پولیس تھانے اور ایس پی لیاقت آباد کے دفتر سے چند قدم کے فاصلے پر ہے جبکہ وہاں پولیس کی ایک پکٹ بھی قائم ہے۔

مقتول کے ساتھی رپورٹر طلحہ ہاشمی کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے فوری بعد جائے واقعہ پہ پہنچنے والے پولیس اہلکاروں کی آمد تک ولی خان شدید زخمی حالت میں تھے تاہم اہلکاروں کی جانب سے انہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل نہیں کیا گیا جس کے باعث وہ سڑک پر ہی دم توڑ گئے۔

کراچی کی صحافی برادری نے ولی خان بابر کی ہلاکت پر کل یومِ سیاہ منانے کا اعلان کیا ہے۔ کراچی یونین آف جرنلسٹس کے صدر افضال محسن نے وائس آف امریکہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ولی خان بابر کراچی کی صحافی برادری کے ایک قابلِ عزت رکن تھے جن کی الم ناک ہلاکت نے تمام صحافیوں کو سوگوار کردیا ہے۔

افضال محسن کا کہنا تھا کہ تشویش ناک امر یہ ہے کہ ولی خان کو ان کے پیشہ وارانہ امور کی انجام دہی کے دوران نشانہ بنایا گیا جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستانی صحافی کتنے غیر محفوظ اور خطرناک حالات میں اپنی ذمہ داریاں ادا کررہے ہیں۔

انہوں نے حکومت سے ولی خان کے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے پیشہ وارانہ صحافیوں کی حفاظت یقینی بنانے کیلیے اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا۔ افضال محسن کا کہنا تھا کہ ولی خان بابر کے قتل کے خلاف کے یو جے کی جانب سے کل کراچی پریس کلب میں احتجاجی جلسہ منعقد کیا جائے گا جس میں صحافی آئندہ کا لائحہ عمل طے کرینگے۔

دریں اثناء وفاقی وزیرِداخلہ رحمٰن ملک نے ولی خان بابر کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے تحقیقاتی کمیٹی قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

XS
SM
MD
LG