رسائی کے لنکس

سلمان تاثیر کی لاہور میں تدفین


وزیراعظم گیلانی، وفاقی وزرا اور مقتول گورنر کے اہل خانہ سلمان تاثیر کے تابوت کے قریب کھڑے ہوئے (فائل فوٹو)
وزیراعظم گیلانی، وفاقی وزرا اور مقتول گورنر کے اہل خانہ سلمان تاثیر کے تابوت کے قریب کھڑے ہوئے (فائل فوٹو)

پنجاب کے گورنر سلمان تاثیر کی نماز جنازہ گورنر ہاؤس لاہور میں ادا کی گئی جس میں وزیراعظم یوسف رضا گیلانی، وفاقی وزراء اور سیاسی جماعتوں کے عہدیداروں سمیت بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد اُنھیں کیولری گراؤنڈ قبرستان لاہور میں دفن کر دیا گیا ہے۔

گورنر پنجاب کے قتل پر پنجاب بھر میں بدھ کو عام تعطیل ہے اور تاجر تنظیموں نے بھی کاروباری مراکز بند رکھنے کا فیصلہ کیا۔ وزیراعظم گیلانی نے ایک روز قبل تین روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا تھا اور بدھ کو تمام سرکاری عمارتوں پر پرچم سرنگوں رہا۔

گورنر پنجاب کو منگل کے روز اسلام آباد میں اُن کے سرکاری محافظ نے گولیاں مار کر ہلاک کر دیا تھا اور پوسٹ مارٹم کے بعد اُن کی میت کو منگل کی رات پاک فیضائیہ کے سی ون تھرٹی طیارے کے ذریعے لاہور پہنچا یا گیا تھا۔

دسمبر2007ء میں راولپنڈی میں ہونے والے دہشت گرد حملے میں سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کی ہلاکت کے بعد سلمان تاثیر ملک میں قتل ہونے والی دوسری بڑی سیاسی شخصیت ہیں۔

سلمان تاثیر کے قتل کی عالمی رہنماؤں نے بھی شدید مذمت کی ہے۔ امریکی وزیر خارجہ ہلری کلنٹن نے اپنے بیان میں سلمان تاثیر کی موت کو ایک بڑا نقصان قرار دیتے ہوئے ان کے خاندان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

XS
SM
MD
LG