رسائی کے لنکس

افغانستان: گیس ٹرمینل میں دھماکا، 10 بچوں سمیت 11 ہلاک


بتایا جاتا ہے کہ ہلاک و زخمی ہونے والے تمام افراد گیس ٹرمینل کے قریب واقع ایک کیمپ کے مکین تھے۔

افغانستان کے مغربی شہر ہرات کے قریب واقع ایک گیس ٹرمینل میں ہونے والے زور دار دھماکے سے 10 بچوں سمیت 11 افراد ہلاک ہو گئے۔

اطلاعات کے مطابق یہ حادثہ پیر کو دیر گئے ہوا اور بتایا جاتا ہے کہ یہ دھماکا اتنا شدید تھا کہ اس کی گونج پورے ہرات شہر میں محسوس کی گئی۔
اس واقعہ کے بارے میں سامنے آنے والی تصاویر میں آگ کے شعلوں کو فضا میں بلند ہوتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

ہرات کے ایک علاقائی اسپتال کے ترجمان محمد رفیق شیرازی نے کہا کہ اس واقعہ میں 18 افراد زخمی بھی ہوئے۔

ہلاک ہونے والوں میں 10 بچے بھی شامل ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ہلاک و زخمی ہونے والے تمام افراد گیس ٹرمینل کے قریب واقع ایک کیمپ کے مکین تھے۔

ابھی تک فوری طور پر یہ واضح نہیں ہے کہ آیا یہ دھماکا حادثاتی تھا یا یہ کسی حملے کا نتیجہ۔

افغانستان میں گیس کے دھماکے کوئی غیر معمولی بات نہیں ہے کیونکہ ملک بھر میں گھروں میں کھانا بنانے کے لیے کنستروں میں بند گیس استعمال کی جاتی ہے۔

XS
SM
MD
LG