رسائی کے لنکس

تھائی لینڈ میں فسادات کے بعد کرفیو


تھائی سٹاک ایکسچینج، شاپنگ مال، بینک اور مقامی ٹیلی ویژن سٹیشن پربھی آتش زدگی

تھا ئی حکومت نے دارالحکومت بنکاک میں اور دوسرے کم سے کم 21 صوبوں میں رات بھر کا کرفیو نافذ کر دیا ہے۔ یہ فسادات اور مسلح حملوں کے نتیجے میں ہوا جو بدھ کے روز حکومت مخالف مظاہرین نے کیے اور جن کے باعث فوج کی اس کارروائی میں حرج واقع ہوا جو وہ مظاہرین پر قابو پانے کے لیے کر رہی تھی۔
حکام نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز کو حکم دیا گیا ہے کہ جو شخص لوٹ مار کرتا ہوا یا آگ لگاتا ہوا نظر آئے اس پر فائر کھول دیں۔

فوج کی جانب سے مہلک پکڑ دھکڑ کے بعد حزبِ مخالف لیڈروں کی جانب سے ہتھیار پھینک دینے کی اپیل کے باوجود مظاہرین نے بدھ کے روز بنکاک بھر میں عمارتوں کو نذرِ آتش کیا۔

شہر کی اہم ترین جگہوں پر آگ لگائی گئی جن میں تھائی سٹاک ایکسچینج، ایک بڑا شاپنگ مال، متعدد بینک اور ایک مقامی ٹیلی ویژن سٹیشن بھی شامل ہے.

تھائی لینڈ کے دارلحکومت بنکاک کے مہنگے تجارتی ضلع میں حکومت مخالف مظاہرین کا کئی ہفتوں سے جاری قبضہ ختم کرانے کے لیے بدھ کے روز سکیورٹی فورسز کی مہلک پکڑ دھکڑ کی کارروائی کے بعد شہر میں بڑے پیمانے پر تشدد پھیل گیا ہے۔

ریڈشرٹس کے نام سے معروف مظاہرین کے راہنماؤں نے پولیس کے سامنے ہتھیار ڈال دیے اور پیروکاروں سے کہا کہ وہ مزید کسی خون ریزی سے بچنے کےلیے دو مہینوں سے جاری اپنے مظاہرے ختم کررہے ہیں۔ تاہم شہر بھر میں فسادات پھوٹ پڑے۔ اس بدامنی نے دارالحکومت کے باہر کے علاقوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ شمال مشرقی شہروں اودن تھانی اور کہون کائن میں کئی سرکاری عمارتوں پر بھی حملے ہوئے۔

حکومت نے بنکاک میں مقامی وقت کے مطابق رات آٹھ بجے سے کرفیو کا حکم دے دیا ہے۔ اس سے چند گھنٹے قبل کم ازکم چارافراد اس وقت ہلاک اور کئی زخمی ہوگئے جب تھائی سپاہیوں نے بنکاک میں ریڈشرٹس کے بانسوں اور ٹائروں سے بنی ہوئی ایک چوکی پر حملہ کیا اور شہر کے لوم پینی پارک کے علاقے کو اپنے قبضے میں لے لیا۔ یہ علاقہ مظاہرین کا ایک بڑاگڑھ تھا۔

حملے میں ہلاک ہونے والوں میں ایک اطالوی صحافی شامل تھا جب کہ دو غیر ملکی صحافی زخمی بھی ہوئے۔ علاقے کے قریب دستی بم کے ایک حملے میں کینیڈا کا ایک صحافی اور تھائی لینڈ کے دو سپاہی بھی زخمی ہوئے۔

حکومت نے بنکاک کے تما م ٹیلی ویژن اسٹیشنوں کو حکم دیا ہے کہ وہ صرف وہی پروگرام نشر کریں جن کی حکومت نے اجازت دے دی ہو۔ تھائی اسٹاک ایکسچینج کا کہنا ہے کہ وہ جمعرات اور جمعے کے روز اپنا کاروبار بند رکھے گا۔ اور بینک آف تھائی لینڈ نے ان دونوں دنوں میں بینک کی چھٹی کااعلان کردیا ہے۔

گذشتہ کئی دنوں میں مظاہرین اور سکیورٹی فورسز کے درمیان ہونے والی جھڑپوں میں کم ازکم 40 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ جب کہ مارچ کے مہینے میں مظاہروں کے آغاز سے اب تک 60 سے زیادہ لوگ ہلاک ہوچکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG