رسائی کے لنکس

تھائی پرچم کے رنگوں والی مچھلی کی ریکارڈ قیمت پر فروخت


کاچن کا کہنا تھا کہ " پرچم کے ہو بہو رنگوں والی مچھلی حاصل کرنے کے امکانات ایک لاکھ میں سے ایک ہوتے ہیں

تھائی لینڈ کے قومی پرچم کے رنگوں والی ایک مچھلی ریکارڈ 1530 امریکی ڈالرز میں فروخت ہوئی ہے اور اس بیٹا نسل کی اب تک کی مہنگی ترین مچھلی قرار پائی ہے۔

شوقیہ طور پر مچھلیوں کی افزائش کرنے والے کاچن ووراچائے نے گزشتہ ہفتے نیلی، سرخ اور سفید افقی دھاریوں والی اس مچھلی کی تصویر فیس بک پر مچھلیوں کی نیلامی کے ایک پیج پر جاری کی جس کے بعد لاتعداد لوگوں نے اس میں دلچسپی ظاہر کی۔

امریکی خبر رساں ایجنسی "ایسوسی ایٹڈ پریس" سے بات کرتے ہوئے جمعرات کو کاچن نے بتایا کہ ان کا خیال تھا کہ یہ چند ہزار بھٹ (تھائی کرنسی) میں فروخت ہو جائے گی لیکن جب دوسرے ہی دن اس مچھلی کی بولی دس ہزار بھٹ (285 ڈالر) لگی تو وہ بہت حیران ہوئے۔

"میں نے کبھی توقع نہیں کی تھی کہ میری مچھلی اس قیمت تک جائے گی۔"

40 سالہ کاچن نے چھ نومبر کو اس کی مچھلی کی تعارفی قیمت کا آغاز 99 بھٹ (2.82 ڈالر) سے کیا تھا۔

کاچن کا کہنا تھا کہ " پرچم کے ہو بہو رنگوں والی مچھلی حاصل کرنے کے امکانات ایک لاکھ میں سے ایک ہوتے ہیں، بہت سے لوگوں نے اس کی افزائش کی کوشش کی لیکن قسمت میرے ساتھ تھی۔"

بیٹا نسل کی مچھلی پر پرچم کے رنگ حاصل کرنے کے لیے پہلے بھی اس کی افزائش کی جاتی رہی ہے۔

اس سے قبل نصف چاند کے نشان والی بیٹا مچھلی 23500 بھٹ (671 ڈالر) میں فروخت ہو کر سب سے مہنگی مچھلی قرار پائی تھی۔

XS
SM
MD
LG