رسائی کے لنکس

تھائی لینڈ: انتخابی مہم آخری مراحل میں داخل


یِنلک شیناوترا اپنے حامیوں کے ساتھ انتخابی مہم کے دوران
یِنلک شیناوترا اپنے حامیوں کے ساتھ انتخابی مہم کے دوران

تھائی لینڈ میں اتوار کو ہونے والے انتخابات سے قبل مختلف امیدواران کی جانب سے جمعہ کے روز اختتامی انتخابی ریلیاں منعقد کی جارہی ہیں۔

رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق انتخابات سے قبل سابق وزیرِاعظم تھاکسن شیناوترا کی چھوٹی بہن اور حزبِ مخالف کی رہنما یِنلک شیناوترا کو موجودہ وزیرِاعظم ابھیشیت ویجا جیوا پر برتری حاصل ہے۔ تاہم اس کے باوجود یہ یقینی نہیں ہے کہ مس شیناوترا پارلیمان میں اکثریت حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائیں گی۔

ناقدین کا کہنا ہے کہ خوساختہ جلاوطنی پر دبئی میں مقیم تھاکسن اپنی بہن کو عوامی مقبولیت کے حامل اپنے ایجنڈا کو آگے بڑھانے کے لیے استعمال کریں گے۔ ناقدین کے بقول اگر مس شیناوترا انتخابات میں کامیاب ہوگئیں اور انہوں نے اپنے بھائی کو بدعنوانی کے ایک مقدمہ میں سنائی گئی چھ برس قید کی سزا معاف کردی تو تھاکسن وطن واپس آنے کی کوشش کریں گے۔

فوج نے 2006ء میں ایک پرامن بغاوت کے ذریعے تھاکسن شیناوترا کو اقتدار سے بے دخل کردیا تھا جس کے بعد سے تھائی لینڈ واضح طور پر تقسیم کا شکار ہے۔ سابق وزیرِاعظم کے حامیوں کی جانب سے گزشتہ برس کیے گئے حکومت مخالف مظاہروں کے دوران 90 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

XS
SM
MD
LG