رسائی کے لنکس

تھائی لینڈ: انتخابات میں پولنگ مکمل، مظاہرے جاری


مظاہرین نے دارالحکومت میں سینکڑوں پولنگ اسٹیشنز کو بند کرنے، بیلٹ پیپرز کی تقسیم اور لوگوں کو پولنگ اسٹیشنز پر جانے کے روکنے کی کوششیں بھی کیں۔

تھائی لینڈ میں اتوار کو عام انتخابات میں پولنگ کا عمل مکمل ہوگیا جب کہ اس دوران بنکاک میں حکومت مخالف مظاہرے بھی جاری رہے۔

حزب مخالف کی مرکزی جماعت ڈیموکریٹ پارٹی نے انتخابات کا بائیکاٹ کیا اور اس کے حامی سینکڑوں لوگ بنکاک کی سڑکوں پر مظاہرے کرتے رہے۔

مظاہرین نے دارالحکومت میں سینکڑوں پولنگ اسٹیشنز کو بند کرنے، بیلٹ پیپرز کی تقسیم اور لوگوں کو پولنگ اسٹیشنز پر جانے کے روکنے کی کوششیں بھی کیں۔

حکام کے مطابق ملک کے باقی علاقوں پولنگ کا عمل بغیر کسی خلل کے جاری رہا۔

مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق الیکشن کمیشن نے لاک سی ضلع میں 158 پولنگ اسٹیشنوں پر اتوار کو ووٹنگ بند کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہاں آئندہ دنوں میں ووٹنگ کروائی جائے گی۔

حزب مخالف وزیراعظم ینگ لک شیناواترا سے مستعفی ہوکر انتخابات سے قبل پیپلز کونسل تشکیل دینے کا مطالبہ کرتی رہی ہے جسے وزیراعظم نے مسترد کر دیا تھا۔

تھائی لینڈ میں گزشتہ نومبر میں حکومت کے خلاف بڑے پیمانے پر مظاہروں کا آغاز اس وقت ہوا جب حکمران جماعت نے سابق وزیراعظم اور مس ینگ لک کے بھائی تھاکسن شیناواترا کے لیے ملک میں واپسی اور بدعنوانی کے مقدمات میں استثنیٰ دینے کے لیے ایک بل ایوان میں پیش کیا۔

اس بل کو سینٹ نے مسترد کر دیا تھا لیکن حزب مخالف وزیراعظم ینگ لک کو اپنے بھائی کی ایک ’’کٹھ پتلی‘‘ قرار دیتے ہوئے حکومت پر بدعنوانی کے الزامات عائد کرتی رہی ہے۔

وزیراعظم نے دسمبر میں پارلیمنٹ تحلیل کرکے دو فروری کو انتخابات کا اعلان کیا تھا اور ان کا کہنا تھا کہ انتخابات کے بعد ایک کونسل تشکیل دی جائے گی جس کے ذمے اصلاحات سازی کرنا ہوگا۔
XS
SM
MD
LG