رسائی کے لنکس

انتخابات کا وعدہ بنکاک کا قبضہ چھوڑنے سے مشروط ہے: تھائی وزیر اعظم


تھائی لینڈ کے وزیر اعظم ابھیشیت وجے جیوا نے حکومت مخالف مظاہرین کو خبردار کیا ہے کہ وہ اس وقت تک جلد انتخابات کرانے کے اپنے وعدے پر آگے نہیں بڑھیں گے جب تک وہ بنکاک کے تجارتی مرکز پر اپنا آٹھ ہفتوں سے جاری قبضہ ختم نہیں کردیتے۔

مسٹر ابھیشیت نے جمعرات کے روز کہا کہ اگر مظاہرین، جو سرخ پوشوں کے نام سے موسوم ہیں، اپنے گھروں کو نہ لوٹے تو وہ 14 نومبر کو انتخابات کرانے کے ایک قدم کے طورپر پارلیمنٹ تحلیل نہیں کریں گے۔

سرخ پوشوں نے کہا ہے کہ وہ مرکزی بنکاک میں اس وقت تک اپنی جگہ پر ڈٹے رہیں گے جب تک مسٹر ابھیشیت پارلیمنٹ کو تحلیل کرنے کی کوئی تاریخ مقرر نہیں کرتے۔ تھائی قانون کے مطابق انتخابات کرانے سے 45 سے60 دن قبل پارلیمنٹ کو تحلیل کرنا ہوتا ہے۔

مسٹر ابھیشیت نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ اگرسرخ پوش ان کی جانب سے مصالحت کا منصوبہ قبول کرلیتے ہیں تو وہ اپنی مجوزہ تاریخ پر انتخابات کرانے کے لیے ستمبر کے دوسرے نصف میں پارلیمنٹ کو تحلیل کرسکتے ہیں۔



XS
SM
MD
LG