رسائی کے لنکس

تھائى لینڈ میں سیاسی تنازعے کو پُر امن طریقے سے حل کیا جائے: امریکہ


امریکہ نے تھائى لینڈ میں سیاسی خلفشار کو ختم کرنے کے لیے مذاکرات کی حمایت کی ہے اور احتجاجی مظاہرین پر زور دیا ہے کہ وہ تشدّد سے احتراز کریں۔

محکمہ خارجہ کے ترجمان مارک ٹونر نے منگل کے روز کہا ہے کہ حکومت اور حزبِ اختلاف کے لیڈروں کے درمیان حالیہ مذاکرات سے امریکہ کی حوصلہ افزائى ہوئى ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کو امید ہے کہ جمہوری اداروں کے ذریعے اس صورتِ حال کا کوئى حل نکل آئے گا اور تشدّد کے ذریعے ہرگز ایسا نہیں ہوگا۔

منگل کے دن اس سے پہلے تھائى لینڈ کی حکومت کی مخالف” سُرخ پوش “تحریک نے مزید مذاکرات کے لیے وزیرِ اعظم کی پیش کش قبول کرنے سے انکار کردیا تھا اور کہا تھا کہ مذاکرات ناکام ہوچکے ہیں ، اس لیے کہ انہوں نے تحریک کی جانب سے الیکشن کے اعلان کے لیے 15 دن کی مہلت پوری کرنے سے انکار کردیا تھا۔

ملک کے سیاسی بحران کو حل کرنے کے مقصد سے اس ہفتے دونوں فریقوں کے درمیان دو دن تک اُن مذاکرات میں کوئى سمجھوتا نہیں ہوا، جنہیں براہ راست ٹیلی ویژن پر دکھایا جارہا تھا۔

سرخ پوشوں نے کہا ہے کہ وہ ہفتے کے دن ایک اور مظاہرہ کریں گے۔

وزیرِ اعظم ابھیسِت وِجا جیوا نے منگل کو دیر گئے کہا ہے کہ انہیں اب بھی اُمید ہے کہ مظاہرین مزید مذاکرات پر رضا مند ہوجائیں گے۔

XS
SM
MD
LG