رسائی کے لنکس

سال نو میں اسمارٹ فون گھریلو آلات کے مستقبل کے لیے خطرہ: رپورٹ


جلد ہی ٹیکنالوجی سے پیک یہ چھوٹا سا گیجٹ کئی گھریلو آلات کو ماضی کا حصہ بنا دے گا ۔

سائنس کےاس جدید دورمیں انسان کے زیراستعمال ہرشے اسمارٹ ٹیکنالوجی سے مزین ہورہی ہے۔ ایڈوانس ٹیکنالوجی کی دنیا میں جہاں ایک طرف نئی ایجادات متعارف کرانے کا سلسلہ جاری ہے وہیں بہت سی پرانی ایجادات جو برسوں سے ہماری رفیق رہی ہیں اب ہمارا ساتھ چھوڑتی جارہی ہیں یا پھرہمیں اب ان کی ضرورت نہیں رہی ہے۔

تکنیکی ماہرین کا کہنا ہے کہ ، اسمارٹ فون کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کا اندازہ اس بات سےلگایا جاسکتا ہےکہ ،آج دنیا میں ہر پانچ میں سے ایک فرد کے پاس اسمارٹ فون موجود ہےجس سےاس بات کا خطرہ مزید بڑھ گیا ہےکہ ،جلد ہی ٹیکنالوجی سے پیک یہ چھوٹا سا آلہ کئی گھریلو آلات کو ماضی کا حصہ بنا دے گا ۔

نئے سال میں اسمارٹ فون کونسے الیکٹرانک آلات کےمستقبل کے لیے خطرہ ثابت ہوگا اسی حوالےسےایک آن لائن الیکٹرانک کمپنی نے چند ایسے گھریلوآلات کی فہرست شائع کی ہےجن کا استعمال سال 2014 میں متروک ہوسکتاہے۔


اس فہرست میں روایتی الارم گھڑی کا نام سب سے اوپر درج ہے جس کا استعمال تو شاید موبائل فون کی آمد کےساتھ ہی کسی حد تک کم ہو چکا تھا لیکن ماہرین کا کہنا ہے کہ ، سال نو میں روایتی الارم گھڑی کا ایک طویل دورختم ہونےجارہا ہے اب گھڑی کی سوئیوں کی ٹک ٹک اورالارم کی گھنٹی کا شوردوبارہ شاید کبھی سنائی نادے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ ،نئے سال پرالارم گھڑی کےعلاوہ چھوٹی اسکرین والے ٹیلی وژن کی جگہ بھی اسمارٹ فون سنبھال لے گا اس کےعلاوہ ٹیبلیٹ کا بڑھتا ہوا استعمال بھی جلد چھوٹی اسکرین کے ٹی وی کی جگہ لےسکتا ہےجس کے ساتھ ہی ڈی وی ڈی پلیر کا استعمال بھی متروک ہوسکتا ہے۔

ماہرین نے خیال ظاہر کیا ہے کہ،اسمارٹ فون آئندہ برس سیٹلائیٹ نیوی گیشن آلہ کی جگہ حاصل کرسکتا ہے خاص طور پراسمارٹ فون کی ایڈوانس اورسہل نیوی گیشن ایپلی کیشنز کا استعمال زیادہ عام ہو جائیگا اس کےعلاوہ نئی گاڑیوں میں نصب سیٹلائیٹ نیوی گیشن نظام کی وجہ سے لوگوں کوعلیحدہ یہ آلہ خریدنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔


رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ،آئی پوڈ کو اسپیکر کے ساتھ منسلک کرنے والے آئی پوڈ ڈوک کا شمار بھی اب بیکار آلات میں ہوگا کیونکہ اس کی جگہ ، بلیوٹوتھ اسٹرنگ اوردیگرموسیقی کی ایپلی کیشنز لے رہی ہیں۔


ماہرین نےکہا کہ، ایسا معلوم ہوتا ہےکہ ،آئندہ برس گھروں میں ٹیلی وژن کے ریموٹ پر لڑائی جھگڑے نہیں ہوں گے اور ناہی ریموٹ ڈھونڈنےمیں وقت برباد ہوگا کیونکہ، اسمارٹ ٹی وی کے چینلز تبدیل کرنے کے لیے اسمارٹ فون کو بطورکنٹرولر بھی استعمال کیا جا سکےگا علاوہ ازیں موجودہ ایل جی اسمارٹ ٹی وی میں موشن کنٹرول کے ذریعے چینل تبدیل کیا جاسکتاہے جس کی وجہ سے بھی ٹی وی ریموٹ کی طلب میں کمی واقع ہو گی اسی طرح اسمارٹ فون اورٹیبلیٹ کی اپیلی کیشن کی مدد سے کئی الیکٹرانک آلات کا کنٹرول ایک ہی مرکز سےسنبھالا جاسکتا ہے۔


رپورٹ کے مطابق ، حال ہی میں متعارف کرائی جانے والی ہائی ڈیفینیشن بلیورئے کا مستقبل بھی نئے سال میں محفوظ نظرنہیں آتا ہے کیونکہ بہت سی نئی آن ڈیمانڈ سروس زیادہ بہترپکچر کوائلٹی فراہم کررہی ہیں۔ نئے سال پردیگرآلات جو شاید ہمیں دکھائی نہیں دیں گےان میں کیم کورڈر وڈیو کیمرہ یا فلپ کیمرہ، گھڑیاں اوربلیک بیری موبائل فون بھی شامل ہیں ۔

آن لائن شاپ 'پکس مینیا ' کی جانب سے مطالعے کا انعقاد کرنے والی لارین کوہن نے کہا کہ ، ''ٹیکنالوجی مسلسل ارتقائی منازل طے کر رہی ہے اور ساتھ ہی لوگوں کا نئی ٹیکنالوجی پر اعتماد اور اطمینان بڑھتا جارہا ہے لہذا یہ ایک قدرتی عمل ہے کہ، پرانی ایجادات خود بخود اپنی افادیت کھوتی جارہی ہیں جنھیں ریٹائر کیا جارہا ہے''۔


انھوں نے کہا کہ "ٹیکنالوجی بہت تیزی سے ترقی کررہی ہے اس جملے کو لوگ ایک کہاوت کے طور پراستعمال کرتے ہیں لیکن ہم دیکھ رہے ہیں کہ ، یہاں تبدیلیاں زیادہ تیزی سے واقع ہوئی ہیں۔"

انھوں نے مزید کہا کہ ،اسمارٹ فون ایک انتہائی اہم ڈیوائس ہے جو آج ہر چیز کا مرکز بن چکی ہے تاہم ہاتھ کی مٹھی میں سما جانے والا گیجٹ آج کئی طرح کی الیکٹرانک مصنوعات کےمستقبل کے لیے خطرہ بن کر کھڑا ہے ایسا معلوم ہوتا ہے ،ٹیک مصنوعات کےدرمیان جاری طاقت کی اس جنگ میں آئندہ برس اسمارٹ فون مزید طاقتوربن کر ابھرےگا۔
XS
SM
MD
LG