رسائی کے لنکس

سلمان خان اب تک ’بیچلر‘ کیوں؟


آج کل پھر سلمان خان کے سہرا باندھنے کی خبریں گرم ہیں وہ بھی رومانیہ کی ٹی وی ایکٹریس لولیا وینچرکے ساتھ۔

گزشتہ دو دہائیوں سے سلمان جس اعزاز کو کامیابی سے برقرار رکھتے چلے آرہے ہیں وہ اعزاز ہے بالی ووڈ کے سب سے مقبول اور ہر دلعزیز ’کنوارے‘ کا۔۔ آئے دن سلمان خان کی شادی کی خبریں میڈیا کی زینت بنتی رہتی ہیں لیکن یہ خوشگوار حادثہ اب تک سلو بھائی کی زندگی میں رونما نہیں ہو پایا ہے۔

آج کل پھر سلمان خان کے سہرا باندھنے کی خبریں گرم ہیں وہ بھی رومانیہ کی ٹی وی ایکٹریس لولیا وینچرکے ساتھ۔ سلمان نے تو اس معاملے پرخاموشی اختیارکی ہے لیکن ان کے والد سلیم خان نے میڈیا کو بتایا کہ شادی کی خبریں محض ’افواہیں‘ ہیں۔سلمان خان کے ساتھ افواہوں میں آ ئے دن کسی نہ کسی لڑکی کا نام جڑتا ہی رہتا ہے۔

یہ افواہیں کیوں اڑتی ہیں اور آخر سلمان ہی ان کا شکار کیوں ہوتے ہیں، اس بات کا جائزہ بھارت کے ایک موقر اخبار ’ہندوستان ٹائمز‘ نے اپنی ایک رپورٹ میں لیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق سینتالیس سالہ ’رومینٹک ہیرو‘ سلو بھائی کو چاہنے والوں میں آج بھی ایک بڑی تعداد لڑکیوں کی ہے۔ سلو بھائی سے آدھی عمر کی لڑکیاں بھی ان کے ’لکس، اسٹائل اور سپر فٹ باڈی‘ کی دیوانی ہیں اوراگر کوئی مذاق میں بھی پوچھ لے کہ سلمان سے ’بیاہ‘ رچانا ہے تو جھٹ سے تیار ہو جاتی ہیں۔اب ایسے میں افواہیں نہیں اڑیں گی تو پھر کیا ہوگا؟

اخبار نے ماضی میں سلمان خان کے ساتھ جڑنے والے ناموں پر بھی ایک تفصیلی نظر ڈالی ہے۔ آئیے دیکھتے ہیں کہ کو ن کون سی حسینائیں سلمان کی دلہنیا بنتے بنتے رہ گئیں۔۔

سومی علی
سن 90کی دھائی میں سلمان خان جس زلف کے اسیر ہوئے تھے وہ اداکارہ اور ماڈل سومی علی تھیں۔ سومی علی پانچ سال تک سلمان کی دوست رہیں لیکن دوستی کسی رشتے میں نہ بدل سکی۔

ایشوریہ رائے
سومی علی کے جانے کے بعد سلمان کی سُونی زندگی میں ہلچل مچا دینے والی انٹری دی ملکہ حسن ایشوریہ رائے نے۔ سلمان، ایشوریہ کی محبت میں جس تیزی سے گرفتار ہوئے اسی تیزی سے ان دونوں کی شادی کے چرچے بھی ہونے لگے۔ لیکن اس لو اسٹوری میں جیت ہوئی ابھیشیک بچن کی جو ایشوریہ کو لے اڑے۔۔اور سلمان دیکھتے ہی رہ گئے۔

کترینہ کیف
سلمان کے بارے میں مشہور ہے کہ وہ پارس ہیں۔۔۔ جس لڑکی کا ہاتھ پکڑ کر بالی وڈ میں لے آئیں، سمجھیں وہ ہٹ ہوگئی۔ کترینہ کے حسن کا جادو سلمان پر چلا اور۔۔ ان کی گر ل فرینڈ سے کترینہ بن گئیں۔ بالی وڈ کی نمبر ون چوائس۔ دونوں کے سنجیدہ تعلق کے قصے عام ہوئے لیکن یہ تعلق بھی شادی میں بد ل نہ پایا۔

زرین خان
2010ء میں بننے والی فلم ”ویر“ میں سلمان کی ہیروئن زرین خان کے بارے میں سب کو یقین ہو چلا تھا کہ بس اب تو سلمان کے گھر بینڈ، باجا اور بارات کا اہتمام ہوا ہی ہوا۔ اس یقین کی وجہ یہ بھی تھی کہ زرین خان کی شکل سلما ن کی ایکس گرل فرینڈ کترینہ کیف سے بہت ملتی تھی۔ لیکن سلمان کا گھر زرین خان کے ساتھ بھی نہ بس سکا۔

مہک چاہل
سلمان خان کی 2007کی سپر ہٹ ریلیز ’وانٹڈ‘ کی ہیروئن مہک چاہل کے ساتھ سلمان خان کے رومینٹک تعلق کے بارے میں بھی کافی اندازے لگائے گئے لیکن یہ سب غلط ثابت ہوئے۔

کلاوڈیا سیسلا
جرمن ماڈل کلاوڈیا سیسلا کے بارے میں کہا گیا کہ وہ کترینہ کیف اور سلمان خان کے بریک اپ کی وجہ بنیں۔ بعد میں کلاوڈیا نے بھی اعلان کیا کہ سلمان کے ساتھ ان کا ایسا کوئی تعلق تھا ہی نہیں۔

ہیزل کیچ
باڈی گارڈمیں کام کرنے والی ہیزل کیچ اور سلمان کو ایک دوسرے سے جوڑا گیا۔ میڈیا میں ایسی خبریں بھی آئیں کہ سلمان نے ہیزل کو اس رئیلٹی شو میں انٹری دلانے کی کوشش بھی کی۔ لیکن یہ تعلق بھی دیرپا ثابت نہیں ہوا۔۔۔اور نتیجہ یہ نکلا کہ بے چارے سلو بھائی اب تک کنوارے ہیں۔۔۔مگر سب سے زیادہ ڈیمانڈ رکھنے والے ۔
XS
SM
MD
LG