رسائی کے لنکس

اعلیٰ کاربو ہائیڈریٹ والی خوراک سے پھپھڑوں کے سرطان کا خطرہ: تحقیق


اعلیٰ کاربوہائیڈریٹ والے کھانوں اور پھپھڑوں کے سرطان کے درمیان تعلق خاص طور پر ان لوگوں میں مضبوط نظر آیا، جنھوں نے بتایا تھا کہ انھوں نے کبھی سگریٹ نوشی نہیں کی۔

ایک نئی تحقیق کے مطابق اعلیٰ کاربوہائیڈریٹ والی غذائیں مثلاً چیپس، بسکٹ اور کیک کھانے کے شوقین افراد پھپھڑوں کے سرطان کے زیادہ خطرے میں ہو سکتے ہیں، خاص طور پر وہ لوگ جو سگریٹ نوشی نہیں کرتے ہیں۔

لیکن یہ نتائج کاربوہائیڈریٹ والی ہر غذا کے لیے نہیں ہیں بلکہ، یہ وہ غذائیں ہیں جو 'گلائسمک انڈیکس' چارٹ پر اعلیٰ کاربوہائیڈریٹ والے کھانے ہیں، جس کا مطلب یہ ہے کہ یہ کھانےخون میں شکر کی سطح کو بلند کرتے ہیں اور ان غذاؤں کو سائنس دانوں نے پھپھڑوں کے سرطان کے خطرے میں اضافے کے ساتھ منسلک کیا ہے۔

گلائسمک انڈیکس ایک نظام ہے، جس میں کھانوں کی درجہ بندی، خون میں شکر کی سطح پر ان کے اثرات کی بنیاد پر کی جاتی ہے اور کھانوں کی اشیاء کو ایک سے 100 کے اسکیل پر ظاہر کیا جاتا ہے۔

سفید ڈبل روٹی، جاسمین چاول، آئس کریم اور سرخی مائل بھورے آلو کے برعکس پاستا، دلیا اور میٹھا آلو اس چارٹ پر کم کاربوہائیڈریٹ والی غذائیں ہیں۔

مطالعے کے لیے ٹیکساس یونیورسٹی سے وابستہ محققین کی ٹیم نے 2,000 مریضوں سے ان کی غذائی عادات کے بارے میں سوالات کئے، جن میں حال ہی میں پھپھڑوں کے سرطان کی تشخیص ہوئی تھی اور بعد میں ان کے جوابات کا موازنہ 2,400 صحت مند افراد کی غذائی عادات کے ساتھ کیا گیا۔

تحقیق کے مطابق کاربوہائیڈریٹ کی بڑھتی ہوئی سطح اس بیماری کا خطرہ بڑھا سکتی ہے لیکن، یہاں محققین کو یہ پتا چلا کہ کاربوہائیڈریٹ کی مقدار کے بجائے 'کاربوہائیڈریٹ کے معیار' کا زیادہ مضبوط اثر تھا۔

دوسری جانب 'گلائسمک لوڈ' یا 'کارپو پائیڈریٹ کی مقدار' جو ایک شخص نے استعمال کی تھی وہ اس بیماری کے خطرے کے ساتھ منسلک نہیں تھی۔

یہ مطالعہ 'جرنل کینسر ایپی ڈیمیو لوجی، بائیو مارکرز اینڈ پریوینشن' نامی رسالے کے مارچ کی اشاعت میں شامل ہے۔ جس میں محققین نے لکھا کہ جن لوگوں کی غذائیں اعلیٰ کاربوہائیڈریٹ والے کھانوں پر مشتمل تھیں، ان میں پھپھڑوں کے سرطان کی تشخیص کے امکانات 49 فیصد زیادہ تھے ان شرکاء کے مقابلے میں جن میں کاربوہائیڈریٹ والے کھانوں کی کھپت اس چارٹ پر نیچے دیے گئے 20 صدویہ میں تھی۔

اعلیٰ کاربوہائیڈریٹ والے کھانوں اور پھپھڑوں کے سرطان کے درمیان تعلق خاص طور پر ان لوگوں میں مضبوط نظر آیا، جنھوں نے بتایا تھا کہ انھوں نے کبھی سگریٹ نوشی نہیں کی۔

نتائج سے ظاہر ہوا کہ اعلیٰ کارب والے کھانوں کی کھپت سے تمباکو نوشی سے پرہیز کرنے والوں میں، اس بیماری کا خطرہ 2.25 گنا بڑھا تھا۔

لیکن تمباکو نوشی کرنے والوں میں اس بیماری کے خطرے میں صرف31 فیصد اضافہ ہوا ۔

یونیورسٹی آف ٹیکساس میں 'ایم ڈی اینڈرسن کینسر سینٹر' سے منسلک پروفیسر زیفنگ وؤ جنھوں نے تحقیق کی قیادت کی ہے، کہتے ہیں کہ تمباکو نوشی کرنے والوں میں، یہ سرگرمی پھپھڑوں کے سرطان کے خطرے کے لیے غالب عنصر ہے، اور اس کا غذا کے مقابلے میں بڑا اثر ہے۔

محققین کو یقین نہیں ہے کہ یہ تعلق کیوں ہے لیکن، ان کا خیال ہے کہ جی آئی انڈیکس پر اعلیٰ غذائیں شکر کی سطح بلند کرنے کا سبب بنتی ہیں، جس سے جسم میں انسولین کا اخراج بڑھتا ہے اور ہو سکتا ہے کہ انسولین کے نتیجے میں جسم میں حیاتیاتی عوامل بڑھتے ہیں، جو خلیات یا ممکنہ سرطان کے خلیات کو ان کی تعداد بڑھانے کے لیے کہتے ہیں۔

پچھلے مطالعوں میں سرخ گوشت اور ڈیری مصنوعات اور دوسرے کھانوں کو پھپھڑوں کے سرطان کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے جبکہ پھلوں اور سبزیوں کی کھپت کو اس بیماری کے کم خطرے کے ساتھ ظاہر کیا گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG