رسائی کے لنکس

آپریشن ضرب عضب: 18 ماہ کے دوران 3,400 'دہشت گرد' ہلاک


فوج کے شعبہ تعلقات عامہ "آئی ایس پی آر" کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ کے مطابق اب تک دہشت گردوں کے 837 ٹھکانوں کو تباہ کیا جا چکا ہے۔

پاکستان کی فوج نے کہا کہ ہے کہ افغان سرحد سے ملحقہ قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف ڈیڑھ سال سے جاری فوجی آپریشن "ضرب عضب" میں اب تک 3,400 ملکی و غیر ملکی عسکریت پسندوں کو ہلاک کردیا گیا ہے اور اب ان کے آخری ٹھکانوں کو تباہ کیا جا رہا ہے۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ "آئی ایس پی آر" کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ کے مطابق اب تک دہشت گردوں کے 837 ٹھکانوں کو تباہ کیا جا چکا ہے۔

ٹوئٹر پر اپنے پیغامات میں انھوں نے بتایا کہ گزشتہ 18 ماہ میں ملک بھر میں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر 13 ہزار 200 آپریشنز کیے گئے جن میں 183 مشتبہ دہشت گردوں کو ہلاک جب کہ 21 ہزار سے زائد کو گرفتار کیا گیا۔

ان کے بقول پاکستانی فورسز کو ان کامیابیوں کی بھاری قیمت چکانا پڑی ہے اور اس دوران فوج، پولیس اور رینجرز کے 488 اہلکار جان کی بازی ہار گئے جب کہ 1,914 اہلکار زخمی ہوئے۔

گزشتہ سال جون میں فوج نے شدت پسندوں کے خلاف بھرپور کارروائی کا آغاز کیا تھا اور حکام کے بقول شمالی وزیرستان کے نوے فیصد علاقے کو شدت پسندوں سے پاک کر دیا گیا ہے۔

دہشت گردی و انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے سیاسی و عسکری قیادت نے متفقہ طور پر ایک قومی لائحہ عمل بھی ترتیب دے رکھا ہے جب کہ دہشت گردی کے مقدمات نمٹانے کے لیے دو سال کے لیے ملک میں فوجی عدالتیں بھی قائم کی گئیں۔

لیفٹیننٹ جنرل عاصم باجوہ کے بقول 11 فوجی عدالتوں میں 142 مقدمات بھیجے گئے جن میں سے 55 مقدمات پر فیصلہ سنایا جا چکا ہے جب کہ 87 پر سماعت جاری ہے اور اب تک 31 دہشت گردوں کو سزائیں سنائی جا چکی ہیں۔

XS
SM
MD
LG