رسائی کے لنکس

تھری ایڈیئٹس تنازعات کی زد میں


تھری ایڈیئٹس تنازعات کی زد میں
تھری ایڈیئٹس تنازعات کی زد میں

’آل اِز ویل' فلم تھری ایڈیئٹس کا یہ نغمہ اِن دنوں سنیمابینوں کےدرمیان خاصا مقبول ہے تاہم فلم کی کہانی کو لے کر تنازعات میں گھری اِس فلم کے پروڈیوسر فلم ساز ودھو ونود چوپڑا اور عامر خان کے ساتھ ’آل اِز ناٹ ویل‘ یا یہ کہیں کہ سب کچھ ٹھیک نہیں ہے۔

جی ہاں جمعے کے روز بالی وڈ کی سپرہٹ فلم تھری ایڈیئٹس کے پروڈیوسر ودھو ونود چوپڑا ایک پریس کانفرنس کے دوران اپنے غصے پر قابو نہیں رکھ پائے جب صحافیوں نے اُن سے سوال پوچھا کہ کیا اُن کی نئی فلم کی کہانی کا آئیڈیا بھارت کے نام ور مصنف چیتن بھگ کی کتاب ’فائیو پوائنٹ سم ون‘ سے چرایا گیا ہے؟


اِس سوال پر چوپڑا نے غصے سے آگ بگولہ ہو کر کہا کہ اگر آپ نے کتاب نہیں پڑھی تو شٹ اپ۔ جس کے بعد صحافیوں نے مطالبہ کیا کہ چوپڑا اپنے اِس برتاؤ کے لیے اُن سے معافی مانگیں۔ پریس کانفرنس میں عامر کے علاوہ ہدایت کار راج کمار ہیرانی، مادھون اور شرمن جوشی بھی شامل تھے۔ ودھو ونود چوپڑا اور صحافیوں کے درمیان ہونے والی توتومیں سے وہاں موجود فلم تھری ایڈیئٹس کی پوری ٹیم کے چہروں کا رنگ فق پڑ گیا۔

خیال رہے کہ فلم تھری ایڈیئٹس ممبئی میں مقیم مشہور ناول نگار چیتن بھگت کی تصنیف ’فائیو پوائنٹ سم ون‘ سے متاثر ہوکر بنائی گئی ہے۔


جہاں ایک طرف ودھو ونود چوپڑا اور عامر دعویٰ کررہے ہیں کہ فلم تھری ایڈیئٹس کی کہانی کا محض پانچ فی صد حصہ چیتن کی کتاب سے لیا گیا ہے وہیں فلم کی ریلیز کے بعد چیتن کو یہ شکایت ہے کہ اگرچہ 70 فی صد فلم کی کہانی اُن کی کتاب سے لی گئی ہے اِس کے باوجود انہیں معقول کریڈیٹ سے محروم رکھا جارہا ہے۔

چیتن بھگت کے الزامات کو بے بنیاد ٹھہراتے ہوئے عامر نے کہا کہ فلم تھری ایڈیئٹس کے اسکرپٹ رائٹر ابھیجیت جوشی ہیں جنھوں نے تین سال کی سخت محنت کے بعد فلم کی کہانی تیار کی ہے۔ عامر نے مزید کہا کہ چیتن صرف پبلسٹی اور لوگوں کا دھیان اپنی طرف راغب کرنے کے لیے اِس طرح کی بیان بازی کررہے ہیں۔

خیال رہے کہ فلم میں مرکزی کردار کرنے والے عامر نے یہ بھی بیان دیا ہے کہ خود چیتن نے انہیں ’فائیو پوائنٹ سم ون‘ کتاب یہ کہہ کر پڑھنے سے روک دیا تھا کہ فلم کی کہانی اور اُن کی کتاب بالکل مختلف ہیں۔ جب کہ فلم ساز ودھو کا ماننا ہے کہ چیتن کی کتاب کے کچھ حصوں کو فلم میں شامل کرنے کے لیے انہیں پورا معاوضہ بھی دیا گیا ہے۔

چیتن بھگت نے اپنے بلاگ پر’ اے بُک، اے فلم اینڈ دی ٹروتھ’ نامی مضمون لکھ کر یہ وضاحت کردی ہے کہ یہ آواز وہ پیسوں کے لیے نہیں اٹھا رہے اور نہ ہی اُن کی عامر خان سے کوئی دشمنی ہے۔ اُن کی تصنیف کے ہزاروں شیدائی اِس بات سے متفق ہیں کہ فلم تھری ایڈیئٹس کی کہانی کا بیشتر حصہ ’فائیو پوائنٹ سم ون‘ کتاب سے لیا گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG