رسائی کے لنکس

بھارتی کشمیر: فوج سے جھڑپ میں تین 'شدت پسند' ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

نتن جوشی نے کہا کہ ہلاک ہونے والے تین افراد کا تعلق مبینہ طور پر حزب المجاہدین سے تھا، جو کشمیر میں بھارتی حکومت کے خلاف برسر پیکار سب سے بڑی شدت پسند تنظیم ہے۔

بھارتی فوج نے کہا ہے کہ جمعرات کی صبح تین کشمیری باغی فوج سے جھڑپ میں اس وقت ہلاک ہو گئے جب انہوں نے سکیورٹی حصار کو توڑنے کی کوشش کی۔

فوج کے ترجمان کرنل نتن این جوشی نے کہا کہ بھارت کے زیر انتظام کشمیر کے جنوبی قصبے ترال میں بدھ کی شام لڑائی شروع ہوئی اور رات بھر وقفے وقفے سے فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔

نتن جوشی نے کہا کہ ہلاک ہونے والے تین افراد کا تعلق مبینہ طور پر حزب المجاہدین سے تھا، جو کشمیر میں بھارتی حکومت کے خلاف برسر پیکار سب سے بڑی شدت پسند تنظیم ہے۔

علاقے کے سیکٹروں رہائشیوں نے "آزادی" کے حق میں نعرے لگائے اور شدت پسندوں سے اظہار یکجہتی کے لیے جھڑپ کے مقام پر پہنچنے کی کوشش کی۔

پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے بدھ اور جمعرات کو آنسو گیس استعمال کی۔ پتھر پھینکنے والے مظاہرین اور سرکاری فورسز کے درمیان جھڑپوں میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں۔

سکیورٹی فورسز نے ہلاک ہونے والے شدت پسندوں کے جنازوں میں شرکت کے لیے جمعرات کو ہزاروں افراد کو اجازت دی جبکہ سری نگر سے 40 کلومیٹر جنوب میں واقع ترال اور اس کے نواحی دیہات میں روزگار زندگی معطل رہا۔

کشمیر میں 1989 سے جاری مسلح تحریکوں میں 68,000 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG