رسائی کے لنکس

تین نئی فلموں میں پھر نظر آئے گی ’ہیری پورٹر‘ کی جادوئی دنیا


پہلی فلم ’فین ٹاسٹک بیسٹس اینڈ وئیر ٹو فائنڈ دیم‘ سال 2016 ءکے شروع میں ریلیز ہوگی۔ فلم کو ڈائریکٹ کریں گے ’ہیری پوٹر‘ سیریز کی آخری چار فلموں کے ڈائریکٹر ڈیوڈ یٹیز جبکہ باقی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی

کراچی۔۔۔ خیالی دنیا میں جادوئی کرداروں کی شیطانی طاقتوں سے ٹکر اور اس دوران پیش آنے والے حیران کُن واقعات پر مبنی فلم سیریز ’ہیر ی پوٹر‘ نے بچوں اور بڑوں سب کو اپنے سحر میں جکڑ رکھا تھا۔ اب جادوئی دنیا کے دیوانوں کے لئے بڑی خوشخبری یہ ہے کہ ہیری پوٹر کی خالق جے کے رولنگ مزید تین فلموں پر کام کر رہی ہیں جس میں نت نئے عجوبے دیکھنے کو ملیں گے۔

پہلی فلم ’فین ٹاسٹک بیسٹس اینڈ وئیر ٹو فائنڈ دیم‘ سال 2016 ءکے شروع میں ریلیزہو گی۔ فلم کو ڈائریکٹ کریں گے ”ہیری پوٹر“سیریز کی آخری چار فلموں کے ڈائریکٹر ڈیوڈ یٹیز جبکہ باقی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے، اے ایف پی نے وارنر برادرز اسٹوڈیوز کے حوالے سے بتایا کہ دوسر ی فلم 2018ء جبکہ تیسری2020ء میں سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔

جے کے رولنگ جن کے لکھے شاہکار ناول ’ہیری پوٹر‘ کی دنیا بھر میں 450 ملین سے زیادہ کاپیاں فروخت ہوچکی ہیں۔ انہوں نے ستمبر میں اس بات کا اعلان کیا تھا کہ وارنر برادرز نے ’فین ٹاسٹک بیسٹس‘ لکھنے کے لئے ان سے رابطہ کیا ہے۔

فلم کا اسکرین پلے لکھنے کا فیصلہ کیسے کیا؟ اس بارے میں جے کے رولنگ کا کہنا تھا کہ، ’پہلے پہل تو آئیڈیا بہت مزے کا لگا۔ لیکن، جب نیوٹا اسکیمنڈر کو ’فین ٹاسٹک بیسٹس‘ کے رائٹر کے طور پر دیکھا تو بطور رائٹر عجیب لگا۔‘

بقول رولنگ، ’ایک طویل عرصے تک اپنی تخلیق کی ہوئی دنیا میں بنائے گئے جادوئی کرداروں کے ساتھ رہتے رہتے آپ ان کے بار ے میں حساس ہوجاتے ہیں۔‘

سنہ 1997 سے 2007ء کے دوران جے کے رولنگ کی لکھی گئی ’ہیری پوٹر‘ سیریز کے ناولز کی کہانی ایک نوجوان جادوگر اور اس کے ساتھیوں کے گرد گھومتی ہے جو ہوگ ورٹس اسکول آف میجک میں ملتے ہیں۔

ہیری پوٹر ناول اور فلم دونوں ہی شکلوں میں بلاک بسٹر ثابت ہوئی اور اس نے شہرت اور مقبولیت کے جو نئے پیمانے بنائے اسے توڑنا کسی کے لئے بھی ناممکن نہ سہی لیکن مشکل ترین ضرور ہوگا۔

’ہیری پوٹر‘ کی کاسٹ میں شامل اداکار بھی کسی ایک ملک یا فلم انڈسٹری کے نہیں بلکہ ’گلوبل سیلبریٹی‘ بن گئے۔ ہیری پوٹر نے جن اداکاروں کی قسمت بدل دی ان میں مرکزی کردار ادا کرنے والے ڈینیئل ریڈ کلف، ایما واٹسن اور روپرٹ گرنٹ بھی شامل ہیں۔

XS
SM
MD
LG