رسائی کے لنکس

سان برنارڈینو حملہ آور کے تین رشتے دار گرفتار


رضوان فاروق اور اس کی اہلیہ تاشفین
رضوان فاروق اور اس کی اہلیہ تاشفین

راحیل کے وکیل رونلڈ کورڈوا کا کہنا تھا کہ یہ "شادی کے ایکٹ سے متعلق غلط بیانی کا معاملہ ہے، یہ دہشت گردی سے متعلق ہر گز نہیں۔"

امریکہ کے شہر سان برنارڈینو میں گزشتہ دسمبر فائرنگ کر کے 14 افراد کو ہلاک کرنے والے جوڑے کے تین رشتے داروں کو شادی سے متعلق جعل سازی کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔

ان میں حملہ آور رضوان فاروق کے بھائی راحیل فاروق ان کی اہلیہ تتیانا اور سالی ماریا چرنیوخ شامل ہیں۔

سان برنارڈینو کے دونوں حملہ آور رضوان اور اس کی اہلیہ تاشفین پولیس مقابلے میں مارے گئے تھے۔

استغاثہ کے مطابق حملے کے بعد گرفتار کیے گئے رضوان کے ایک دوست اینرک مارخیز نے ماریا کے قیام کو امریکہ میں توسیع دینے کے لیے اس سے جعلی شادی کی تھی۔

ماریا کی بہن تتیانا کی شادی راحیل سے ہوئی تھی یہ دونوں بہنیں روسی شہری ہیں اور گرفتار کیے گئے تینوں افراد پر شادی سے متعلق جعل سازی اور جھوٹا بیان دینے کے الزامات ہیں۔

ملزمان کو عدالت میں پیش کیا گیا جہاں انھوں نے خود پر لگائے گئے الزامات کو مسترد کیا۔ بعد ازاں ماریا کو پچاس ہزار ڈالر جب کہ راحیل اور تتیانا کو پچیس، پچیس ہزار ڈالر کے ضمانتی مچلکوں پر رہا کر دیا گیا۔

ان کے خلاف 21 جون کو مقدمہ شروع کیا جائے گا۔ جج نے ماریا کی نگرانی جاری رکھنے کا حکم بھی دیا۔

راحیل کے وکیل رونلڈ کورڈوا کا کہنا تھا کہ یہ "شادی کے ایکٹ سے متعلق غلط بیانی کا معاملہ ہے، یہ دہشت گردی سے متعلق ہر گز نہیں۔"

اگر ان پر لگائے گئے الزامات ثابت ہو جاتے ہیں تو انھیں پانچ سال تک قید کی سزا ہو سکتی ہے۔

XS
SM
MD
LG