رسائی کے لنکس

پانچواں ون ڈے: جنوبی افریقہ نے بھارت کو ہراکر سیریز جیت لی


فائل
فائل

جنوبی افریقہ نے چار وکٹوں کے نقصان پر مقررہ 50 اوورز میں 438 رن بنائے جو ایک روزہ میچوں میں پروٹیز کا دوسرا بڑا اسکور ہے۔

جنوبی افریقہ نے پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں میزبان بھارت کو 214 رن سے شکستِ فاش دے کر سیریز 2-3 سے جیت لی ہے۔

اتوار کو ممبئی میں ہونے والے میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور رنز کے ڈھیر لگادیے۔

جنوبی افریقہ نے چار وکٹوں کے نقصان پر مقررہ 50 اوورز میں 438 رن بنائے جو ایک روزہ میچوں میں پروٹیز کا دوسرا بڑا اسکور ہے۔

جنوبی افریقہ کے تین بلے بازوں ڈو پلیسس (133)، اے بی ڈی ویلیئرز (119) اور کوئنٹن ڈی کاک (109) نے سینچریاں اسکور کیں اور بھارتی بالروں اور فیلڈرز کو تگنی کا ناچ نچادیا۔

ایک روزہ میچوں کی تاریخ میں یہ دوسرا میچ تھا جس میں کسی ٹیم نے ایک اننگز میں تین سینچریاں اسکور کیں۔ پہلی بار ایک اننگز میں تین سینچریاں بنانے کا ریکارڈ بھی جنوبی افریقہ ہی کے پاس ہے جس نے رواں سال جنوری میں ویسٹ انڈیز کو 439 رن کا ہدف دیا تھا۔ یہ ایک روزہ میچوں میں جنوبی افریقہ کا اب تک کا سب سے بڑا اسکور بھی ہے۔

بھارت کی پوری ٹیم 439 رن کے ہدف کے تعاقب میں 36 اوور میں صرف 224 رن بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ بھارت کی جانب سے اجنکیا راہانے 87 رن کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جب کہ شیکھر دھاون نے 60 رن بنائے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے کگیسو رابادا نے چار اور ڈیل اسٹین نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ عمران طاہر نے دو اور کائل ایبٹ نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اتوار کے میچ میں فتح کے بعد جنوبی افریقہ پانچ میچوں کی سیریز بھی 2-3 سے جیت گیا ہے جو بھارت کی سرزمین پر کسی ون ڈے سیریز میں جنوبی افریقہ کی پہلی فتح ہے۔

ایک روزہ میچوں کی تکمیل کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان اب چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی جس کا پہلا میچ پانچ نومبر سے موہالی میں شروع ہوگا۔

XS
SM
MD
LG